0
Friday 5 Apr 2024 23:11

اسرائیل جتنا کمزور آج ہے، اتنا ماضی میں کبھی نہیں تھا، سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم

اسرائیل جتنا کمزور آج ہے، اتنا ماضی میں کبھی نہیں تھا، سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم
رپورٹ: سعید راجپوت

اہلِ غزہ کی مظلومیت نے سب کو بے نقاب کر دیا ہے۔ نو سال تک جن یمنیوں پر سعودی عرب حملے کرتا رہا، آج وہی یمنی فلسطین کیلئے میدان میں کھڑے ہیں۔ عراق، شام اور لبنان میں مقاومت کرنے والے سارے گروہوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔ ایران کے اعلیٰ آفیسرز شہید ہو رہے ہیں اور اب ایرانی سفارتکاروں پر بھی حملے جاری ہیں۔ اس کے باوجود لوگ پوچھتے ہیں کہ ایران نے آج تک اہلِ غزہ کیلئے کیا کیا ہے۔؟ تفصیلات کے مطابق سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے 56 ویں آنلائن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ امورِ خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے اہلِ غزہ کی مظلومیت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔

آنلائن سیشن کے میزبان ابراہیم شہزاد نے سیشن کے مقدمے میں یہ سوال اٹھایا تھا کہ کیا امت مسلمہ غزہ کی جنگ رکوانے میں ناکام ہوچکی ہے؟ مہمان شخصیت نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں بلکہ اہلِ غزہ کی مقاومت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ستر سال سے زائد محاصرے کے باوجود فلسطینی کمزور نہیں ہوئے اور اُن کے عزم و ارادے میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طوفان الاقصیٰ اور اہلِ غزہ کی مظلومیت کے حوالے سے پائی جانے والی مختلف غلط فہمیوں کا بھی جواب دیا۔

انہوں نے کہا فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کی حمایت ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے۔ آنلائن شرکاء کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کشمیر اور فلسطین کیلئے آواز بلند کرنے والوں، جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مظلوموں کی حوصلہ افزائی اور ظالموں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنلائن سیشنز دوستوں کی بصیرت افزائی اور دشمنوں کے پروپیگنڈے کا جواب دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

ایک گھنٹے کے سیشن میں گفتگو کے دوران حاضرین نے وقفے وقفے سے متعدد سوالات بھی کئے، جو مہمان شخصیت سے میزبان کی وساطت سے پوچھے گئے۔ سیشن میں بیان کردہ معلومات سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ طوفان الاقصی نے مسئلہ فلسطین کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اسرائیل پر ثابت ہوگیا ہے کہ وہ گذشتہ ستر سالوں میں فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا۔ اسلامی انقلاب کی ابتدا سے لے کر آج تک ایران فلسطینیوں کی آزادی اور دفاع کی جنگ لڑ رہا ہے۔

ایران کی طرف سے فلسطینیوں کی غیر لچکدار حمایت کے باعث اسرائیل بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ مقاومتی مجاہدین ماضی کی نسبت آج بہت زیادہ مضبوط اور بہتر پوزیشن میں ہیں۔ اسرائیل جتنا کمزور آج ہے، اتنا ماضی میں کبھی نہیں تھا۔ اسرائیل کے پاس نہتے لوگوں، ہسپتالوں، بچوں اور ایرانی سفارتکاروں کو شہید کرنے کے سوا کوئی دوسرا آپشن ہی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 1127117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش