0
Monday 14 Apr 2014 08:38

اقوام متحدہ کی میزبانی کے قوانین کیمطابق امریکہ ایرانی سفیر کو ویزا جاری کرنیکا پابند ہے، حسین نقوی حسینی

اقوام متحدہ کی میزبانی کے قوانین کیمطابق امریکہ ایرانی سفیر کو ویزا جاری کرنیکا پابند ہے، حسین نقوی حسینی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان حسین نقوی حسینی نے کہا ہے کہ امریکہ، اقوام متحدہ کی میزبانی کے قوانین اور اس عالمی ادارے میں ایران کے نمائندے کو ویزا جاری کرنے کا پابند ہے۔ حسین نقوی حسینی نے ارنا کے ساتھ گفتگو میں، اقوام متحدہ میں ایران کے نئے نامزد نمائندے حمید ابوطالبی کے لئے ویزا جاری کرنے میں امریکہ کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ اقوام متحدہ میں نمائندے کا انتخاب بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رکن ممالک کی جانب سے انجام پاتا ہے، لہذا امریکہ حتمی طور پر بین الاقوامی قوانین پر عمل کرے۔ اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے نمائندے کے لئے ویزا جاری کرنے میں امریکہ کی خلاف ورزی کی جانچ پڑتال صرف اقوام متحدہ ہی کرسکتا ہے اور یہ عالمی ادارہ ہی ایران کے نمائندے کو ويزا جاری کرنے کے لئے حتمی طور پر امریکہ کو پابند کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے اقوام متحدہ کیلئے نامزد ایرانی سفیر حمید ابو طالبی کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا۔ وائٹ ہاوٴس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نامزد سفیر انیس سو اناسی میں تہران میں امریکی سفارتخانے پر حملے میں ملوث رہے ہیں۔ حمید ابوطالبی اس طلبہ تحریک کا حصہ تھے، جس نے انیس سو اناسی میں تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضہ کرکے وہاں موجود عملے کو یرغمال بنا لیا تھا۔ امریکہ نے حمید ابوطالبی کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی پارلیمان کے دونوں ایوانوں نے حمید ابوطالبی کے امریکہ میں داخل ہونے کے خلاف ووٹ دیا۔ وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جے کارنے کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اقوام متحدہ اور ایران کو بتا دیا ہے کہ حمید ابوطالبی کو ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ حمید ابوطالبی اس کے سینیئر ترین سفارتکاروں میں سے ایک ہیں، اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر کے طور پر ان کا نام واپس نہیں لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 372626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش