0
Thursday 24 Jul 2014 22:13
ملک بھر میں 2345 پر آزادی القدس ریلیاں نکالی جائیں گی

نواز حکومت جمعۃ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، علامہ امین شہیدی

سرکاری اداروں میں القدس کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے
نواز حکومت جمعۃ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ جمعتہ الوداع کو تاریخی یوم القدس منائیں گے، پاکستان کے غیور عوام ملک بھر میں نکالی جانے والی القدس ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور اپنی آواز بلند کریں گے اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، حکومت غزہ پر جاری صیہونی بربریت پر بیان پر اکتفا نہ کرے بلکہ عملی اقدامات کرتے ہوئے جمعتہ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، ملک بھر میں 2345 پر آزادی القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے امام بارگاہ علی رضا (ع) میں یوم القدس کی مناسبت سے منعقدہ پریس کانفرنس علامہ عقیل موسیٰ، ناصر حسینی، علی حسین نقوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ غاصب اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور کوئی مسلمان ملک بولنے کیلئے تیار نہیں، خاموشی اختیار کیے ہوئے ممالک میں اسرائیل نے اپنے ایجنٹوں کو بٹھایا ہوا ہے، جہان اسلام کے حکمران ڈرے ہوئے ہیں، ان کے منہ سے آواز تک نہیں نکلتی، فلسطین مسلمانوں کا دل ہے، مسلم حکمرانوں کی غفلت ہے کہ مٹھی بھر صہیونیوں نے فلسطین پر قبضہ کیا ہوا ہے، ورنہ ان کی کیا مجال تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم غزہ پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ جمعۃ الوداع کو پورے پاکستان میں یوم القدس کے طور پر منائیں گے، تمام مکاتب فکر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہے کہ وہ اس دن گھروں سے باہر نکلیں اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کریں کہ فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے نہتے ہونے کے باوجود اسرائیل کے آگے سر نہیں جھکایا بلکہ ہمت اور مقاومت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہم ان قوتوں کو بھی سلام کرتے ہیں جو غزہ کے مسلمانوں کی اخلاقی، مالی سمیت ہر لحاظ سے مدد کر رہے ہیں۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 2345 پر آزادی القدس ریلیاں نکالی جائیں گی، جمعتہ الوداع کو یوم القدس کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوسوں میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی جبکہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم القدس کے جلوسوں میں شریک ہوں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یوم القدس کی مرکزی ریلی کراچی میں نکالی جائے گی جس میں مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت سمیت سندھ بھرسے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ ایک طرف غاصب اسرائیل ہے جو غزہ کے مظلوم عوام پر گذشتہ سولہ روز سے دہشت گردی اور بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تو دوسری طرف اقوام متحدہ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ عالمی سامراجی دہشتگرد قوتوں اور شیطان بزرگ امریکہ کی لونڈی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے گذشتہ دنوں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے آنے والے اس بیان کی شدید مذمت کی کہ جس میں بان کی مون نے کہا تھا کہ غزہ میں ہونے والے قتل عام کی ذمہ داری اسلامی مزاحمتی تحریک حماس پر عائد ہوتی ہے جبکہ شاید بان کی مون یہ بات بھول گئے تھے کہ غزہ پر حملہ غاصب صیہونی اسرائیلی ریاست اور اس کی درندہ صفت افواج نے کیا ہے نہ حماس نے، اسلامی مزاحمتی تحریک حماس تو غزہ کا دفاع کرنے کے لئے اپنے بنیادی دفاعی حق کا استعمال کر رہی ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ غاصب اسرائیل کی سرپرستی امریکہ کر رہاہے جو امریکی عوام کے لئے بھی شرمناک ہے۔ انہوں نے امریکہ سمیت یورپی ممالک کو تنبیہ کی کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حل میں رکاوٹ نہ بنیں اور فلسطینیوں سے متعلق اپنا دوہرا معیار ترک کر دیں۔ اس موقع پر رہنماؤں نے اعلان کیا کہ غزہ کے مظلوم عوام کی نجات اور غاصب اسرائیل کے شکنجے سے فلسطین کی مکمل آزادی تک صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔ رہنماؤں نے تین سال قبل سرزمین بلوچستان پر کوئٹہ شہر میں یوم القدس کی ریلی میں شہید ہونے شہدائے یوم القدس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ شہدائے یوم القدس کے قتل میں ملوث اسرائیلی ایجنٹ دہشت گردوں کو بے نقاب کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیطان بزرگ امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل جان لیں کہ شہادتوں سے ہمیں فلسطینیوں کی حمایت اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی جد وجہد سے نہیں روکا جا سکتا ہے۔

علامہ امین شہیدی نے ایک مرتبہ پھر حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ جمعۃ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے اور سرکاری اداروں میں القدس کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شیعہ و سنی عوام قتل عام بالخصوص مکتب کی بنیاد پر شیعہ افراد کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد اپنی بربریت پر اتر آئے ہی، خواتین کو بھی اب ٹارگٹ کیا جانے لگا ہے، کراچی میں آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف فی الفور اسرائیلی ایجنٹوں کے خلاف پریشن ضرب عضب کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم القدس کی ریلیوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے، ملک بھر میں آزادی القدس کی ریلیوں میں شریک ہونے والے قافلوں سمیت ریلیوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ ملک دشمن اسرائیلی ایجنٹوں کے دہشت گردی سے ملک کی عوام کو محفوظ رکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 401327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش