0
Saturday 13 Sep 2014 13:33

دہشتگردوں کے بجائے معصوم کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ایم کیو ایم

دہشتگردوں کے بجائے معصوم کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے دہشت گردوں کو گرفتارکرنے کے بجائے ایم کیو ایم کے بے گناہ اور معصوم کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ایم کیو ایم کے کئی معصوم کارکنان شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہو چکے ہیں لیکن اب تک کسی ایک شہید کارکن کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے مسلح دہشت گرد شہر میں علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو چن چن کر نشانہ بنا رہے ہیں لیکن کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کو گرفتارکرنے کے بجائے الٹا ایم کیو ایم کے بے گناہ اور معصوم  کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور ایم کیوایم کے ہمدردوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں دہشت گردی کرنے والے اصل عناصر پر ہاتھ نہیں ڈالا جائے گا تو شہر میں امن کیسے قائم ہوگا۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے گرفتار کئے گئے معصوم کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے اور چھاپوں گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 409496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش