0
Saturday 19 May 2018 21:25

افغانستان، کرکٹ میچ کے دوران بم دھماکے سے 8 افراد جاں بحق

افغانستان، کرکٹ میچ کے دوران بم دھماکے سے 8 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے شہر جلال آباد میں کرکٹ میچ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے دفتر کے بیان کے مطابق عوام کی ایک بڑی تعداد شام کے وقت مقامی کرکٹ ٹورنامنٹ "رمضان کپ" کا میچ دیکھ رہے تھے کہ ہجوم کے درمیان اچانک دھماکا ہوا۔ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی جبکہ طالبان کی جانب سے وٹس ایپ میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے ان کا ہاتھ نہیں ہے۔ پاکستانی سرحد کے قریب واقع صوبے ننگرہار کے مرکزی شہر جلال آباد میں طالبان کی موجودگی ہے جبکہ دہشت گرد گروپ دولت اسلامیہ (داعش) کا بھی مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ داعش نے ستمبر 2017ء میں کابل میں کرکٹ میچ کے دوران بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی، جہاں تین افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے ایک بیان میں جلال آباد حملے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں بھی ہماری عوام کو مارنے کا سلسلہ بند نہیں کیا اور ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ کسی مذہب اور مسلک کے پابند نہیں ہیں اور وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ افغانستان میں 1990ء کی دہائی میں طالبان کے دور میں بھی کرکٹ کے حوالے سے منفی تاثر پایا جاتا تھا اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ سمجھا جاتا تھا۔ بعد ازاں امریکی مداخلت کے بعد ملک میں کرکٹ کو مقبولیت حاصل ہوئی اور کھلاڑیوں نے اپنی بےمثال کارکردگی سے دنیائے کرکٹ میں اپنا مقام بنایا اور گذشتہ برس ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی اقوام کی صف میں شامل ہوگئے۔
 
خبر کا کوڈ : 725893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش