0
Sunday 20 May 2018 22:55

لندن، چاقو کے وار سے ایک اور نوجوان کو قتل کر دیا گیا

لندن، چاقو کے وار سے ایک اور نوجوان کو قتل کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لندن کی کراؤز روڈ پر چاقو کے وار سے ایک 20 سالہ نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق قتل کا واقعہ جمعرات کی رات ساڑھے 11 بجے کے قریب پیش آیا تاہم پولیس نے قتل ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ میئر لندن صادق خان نے جنوبی لندن میں چاقو کے وار سے قتل ہونے والے نوجوان کی تحقیقات کے حوالے سے پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔ میئر لندن نے کہا ہے کہ پولیس واقعے میں ملوث افراد کو سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ لندن میں صرف 5 مہینوں میں 37 سے زائد افراد کو چاقو کے وار سے قتل کیا جا چکا ہے۔ رواں برس لندن میں جرائم کی مختلف وارداتوں میں اب تک 62 سے زائد افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ لندن نے جرائم کے معاملے میں نیویارک کو پیچھے چھوڑ دیا اور تاریخ میں پہلی بار لندن میں قتل کی وارداتیں نیویارک سے بڑھ گئیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق فروری میں لندن میں 15 افراد قتل ہوئے جن کی عمریں 9 سے 30 سال کے درمیان تھیں۔ رپورٹ کے مطابق مارچ میں برطانوی دارالحکومت میں چاقو کے وار اور فائرنگ سے ہلاکتوں کے 22 واقعات پیش آئے، جب کہ اسی ماہ کے دوران نیویارک میں قتل کی 21 وارداتیں ہوئیں۔ خیال رہے کہ لندن اور نیویارک دونوں ہی شہروں کی آبادی تقریباً مساوی ہے،  دونوں شہروں میں 85 لاکھ شہری بستے ہیں۔ 1990 کے بعد سے نیویارک میں قتل کی وارداتوں کی شرح میں 87 فی صد کمی آئی ہے جب کہ اس کے برعکس لندن میں پچھلے تین سال کے دوران قتل کے واقعات 40 فی صد تک بڑھ گئے ہیں اور ان میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کمشنر کریسیڈا ڈک نے اپنے حالیہ بیان میں سوشل میڈیا کو جزوی طور پر برطانیہ میں چاقو مارنے کے واقعات میں اضافے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔


 
خبر کا کوڈ : 726150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش