0
Wednesday 18 Jul 2018 23:56

کراچی کے شہریوں کو الگ صوبہ بننے تک حقوق نہیں مل سکتے، آفاق احمد

کراچی کے شہریوں کو الگ صوبہ بننے تک حقوق نہیں مل سکتے، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ جو اپنی قوم سے مخلص نہ ہو، وہ کسی سے مخلص نہیں ہو سکتا، ہم منافقت کی سیاست نہیں کرتے، بلکہ ببانگ دہل کہتے ہیں کہ ہماری جماعت ایک لسانی پارٹی ہے، کراچی کے شہریوں کو اس وقت تک حقوق نہیں مل سکتے، جب تک الگ صوبہ نہ بنے، سندھ کے شہری علاقے میں صوبہ اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا، جب تک یہاں پر مقیم پختون اور پنجابی اس پر متفق نہ ہوں، کالاباغ ڈیم کی مخالفت اس خدشے پر کی جا رہی ہے کہ پنجاب دوسرے صوبوں کا پانی روک لے گا، لیکن بھارت نے ہمارا پانی روکنے کیلئے کئی ڈیمز بنا لیے، لیکن اس کیخلاف کسی نے بھی آواز نہیں اٹھائی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک اور جنرل سیکرٹری مقصود یوسفی بھی موجود تھے۔ آفاق احمد نے کہا کہ این ایف سی آر ایوارڈ کے ذریعہ کراچی کو حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، جس میں سندھ حکومت کی مرضی شامل ہے، مشرف دور میں کراچی کی دو کروڑ کی آبادی، اب ڈیڑھ کروڑ کیسے ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرے کی ادائیگی کے دوران مشرف نے مجھ سے مخاطب ہو کر کہا کہ میرا تم پر احسان ہے کہ صرف تمہیں گرفتار کیا، ورنہ تمہیں قتل کرنے کیلئے میرے پاس فون آئے۔

آفاق احمد نے کہا کہ ہم نے سیاست میں کبھی منافقانہ طرز عمل اختیار نہیں کیا، جس پارٹی کو بھی دیکھا جائے، وہ کام تو اپنی زبان کی حد تک کرتے ہیں، مگر بات وفاق کی کرتے ہیں، ہم اپنی قوم کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں ہم کسی کے ساتھ لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت بھی مخالفت کی تھی کہ مہاجر قومی موومنٹ سے متحدہ قومی موومنٹ نہ بنائی جائے، کیونکہ ہم نے پہلے اپنی قوم کے مسائل حل کرنے ہیں، اس کے بعد ہم وفاق کی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقے میں صوبہ اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا، جب تک یہاں پر مقیم پختون اور پنجابی اس متفق نہ ہوں، ہم سندھ کی تقسیم کی بات نہیں کرنا چاہتے، مگر ذوالفقار علی بھٹو نے سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں ایک لکیر کھینچی، اب ہم وہی لکیر چاہتے ہیں، کیونکہ کراچی کے شہریوں کو اس وقت تک حقوق نہیں مل سکتے، جب تک الگ صوبہ نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی مکمل حمایت کرتا ہوں، کیونکہ یہ پاکستان کے جغرافیائی حصے میں بن رہا ہے، کالا باغ ڈیم کی مخالفت اس خدشے پر کی جا رہی ہے کہ پنجاب دوسرے صوبوں کا پانی روک لے گا، لیکن بھارت نے ہمارا پانی روکنے کیلئے کئی ڈیمز بنا لیے، لیکن اس کے خلاف کسی نے بھی آواز نہیں اٹھائی۔
خبر کا کوڈ : 738750
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش