0
Sunday 20 Apr 2014 17:14

چلاس میں پانچویں روز بھی دھرنا جاری، شاہرائے قراقرم بند، مظاہرین اور سکیورٹی اہلکار آمنے سامنے

چلاس میں پانچویں روز بھی دھرنا جاری، شاہرائے قراقرم بند، مظاہرین اور سکیورٹی اہلکار آمنے سامنے
اسلام ٹائمز۔ دیامر کے ضلعی صدر مقام چلاس میں بھی عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر گندم سبسڈی اور دیگر مطالبات کے حل کیلئے ہونیوالا احتجاج پانچویں دن بھی جاری رہا۔ مظاہرین کا شاہراہ قراقرم پر دھرنا ،سکیورٹی فورسز اور مظاہرین ایک دوسرے کے آمنے سامنے اور تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر علی الصبح سے ہی عوام صدیق اکبر چوک پر جمع ہونا شروع ہوئے اور جلوس کی شکل میں مین بازار میں نعرہ بازی کرتے رہے، بعد ازاں جلوس عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی قیادت میں شاہراہ قراقرم کی طرف روانہ ہوا اور شاہراہ کو بھاری پتھر ڈال کر ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند کیا گیا اور شاہراہ پر دھرنے کا آغاز ہو گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالمحیط، ڈاکٹر محمد زمان، شبیر احمد قریشی، محمد دین کوہ کن، شاہ ناصر و دیگر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مذاق بند کریں اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ غریب عوام کے مطالبات کو فوری منظور کیا جائے، ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا اور صوبائی و وفاقی حکومتوں کو حالات پر قابو کرنا مشکل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حقوق مانگنے نہیں بلکہ چھیننے پڑتے ہیں۔ سبسڈی گندم ہمیں خیرات میں نہیں ملی بلکہ یہ ہمارا حق ہے اور اس حق کے حصول کے لئے اپنا تن من اور دھن قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام وطن عزیز کے بلا معاوضہ محافظ ہیں اور ہر محاذ پر اس سرزمین کے بیٹے قربانی دے رہے ہیں۔ مگر وفاقی حکومت یہاں کے عوام کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے نمک پاشی کر رہی ہے۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ شاہراہ قراقرم پر دھرنا گندم قیمیتوں کی کمی کے نوٹیفیکشن تک جاری رہے گا جبکہ دوسری طرف شاہراہ قراقرم پر دھرنے کی وجہ سے سینکڑوں ٹرک اور کانوائے کی گاڑیاں رکی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شاہراہ قراقرم پر ٹریفک بحالی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے مابین مذاکرات ناکام ہوئے ہیں اور مظاہرین نے شاہراہ قراقرم پر ہی کھانے اور دیگر ضروریات کا انتظام بھی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 374774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش