0
Friday 19 Sep 2014 11:48

انسانی حقوق کی تنظیموں کا زبردست احتجاج، آل خلیفہ حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے، مریم الخواجہ رہا

انسانی حقوق کی تنظیموں کا زبردست احتجاج، آل خلیفہ حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے، مریم الخواجہ رہا
رپورٹ: این ایچ نقوی

کچھ عرصہ قبل بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں گرفتار ہونے والی انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور گلف سنٹر برائے انسانی حقوق کی صدر مریم خواجہ کو رہا کر دیا گیا۔ مریم خواجہ بحرین میں حزب اختلاف پارٹی کے سرگرم گرفتار رہنما عبدالہادی الخواجہ کی صاحبزادی ہیں، مریم خواجہ ڈینش نیشنلٹی بھی رکھتی ہیں۔ مریم الخواجہ کے وکیل محمد الجشی کا کہنا ہے کہ بحرین میں گرفتار اپنے والد کے ساتھ ملاقات کے لئے گذشتہ ماہ مریم خواجہ بحرین پہنچیں تو انہیں آل خلیفہ حکومت نے گرفتار کر لیا گیا، ان کا کہنا تھا ایک ماہ بعد انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے تاہم انہیں فی الحال ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں دی گئی، مریم خواجہ کے والد عبدالہادی الخواجہ کو 2011ء میں حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے سازش کرنے کے الزام میں عمر قید سنا دی گئی تھی۔

''رپورٹر ود آوٹ بارڈرز'' نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ 60 ممالک کی 160 انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے مریم الخواجہ کی رہائی کے لئے تحریک چلائی تھی، رہائی پانے والی مریم خواجہ کے خلاف آل خلیفہ حکومت نے کئی مقدمات بنا رکھے ہیں، یکم اکتوبر سے ان کے خلاف ایک مقدمہ کا آغاز کیا جائے گا جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایک پولیس افسر کو ہراساں کیا۔ یاد رہے کہ 5 ستمبر کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق نے آل خلیفہ پر زور دیا تھا بحرین کی جیلوں میں قید خواتین کو رہا کیا جائے، ایک اجلاس میں انسانی حقوق کے ادارہ کے 46 ممبر ممالک نے بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے مظاہرین پر وحشیانہ تشدد پر اظہار تشویش کیا اور منامہ پر زور دیا کہ نہتے عوام پر مظالم کا سلسلہ فوری بند کر دیا جائے، ایک اور رپورٹ کے مطابق سعودی عرب، یو اے ای اور پاکستان سے تازہ دم دستے بحرین بلائے گئے تاکہ بڑھتے ہوئے احتجاج کو کچلا جا سکے۔ جس کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی جارہی ہے۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مریم الخواجہ کی بحرین آمد کے موقع پر آل خلیفہ حکومت نے ان کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا، ایئرپورٹ حکام نے انہیں انٹری دینے سے انکار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا ڈینش پاسپورٹ بھی ان سے ضبط کر لیا گیا، اس موقع پر مریم الخواجہ نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر بھوک ہڑتال شروع کر دی اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے والد سے ملے بغیر واپس نہیں جائیں گی، انہیں آل خلیفہ حکومت ان کے وطن بحرین میں داخلے سے نہیں روک سکتی، اس موقع پر آل خلیفہ حکومت نے اپنی بربریت اور ظلم کا ایک اور عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مریم الخواجہ کو گرفتار کر لیا، گرفتاری کے بعد پوری دنیا کے انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے زبردست احتجاج کیا گیا جس کے بعد آل خلیفہ حکومت نے مزید ذلت سے بچنے کے مریم الخواجہ کو رہا کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 410454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش