0
Wednesday 28 Sep 2011 19:46

پاکستان، ایران، چین اور ترکی کے دفاعی بلاک کی تجویز، سنی اتحاد کونسل کا30 ستمبر کو ”یوم مذمت امریکہ“ منانے کا اعلان

پاکستان، ایران، چین اور ترکی کے دفاعی بلاک کی تجویز، سنی اتحاد کونسل کا30 ستمبر کو ”یوم مذمت امریکہ“ منانے کا اعلان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ کی ممکنہ اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کے تمام سیاستدان اور شہری اپنے اثاثے فی الفور پاکستان منتقل کر کے وطن سے محبت کا ثبوت دیں اور سیاسی اثرورسوخ کے ذریعے معاف کروائے گئے قرضے واپس کریں۔ اجلاس میں جمعتہ المبارک 30 ستمبر کو ملک بھر میں "یوم مذمت امریکہ" منانے کا فیصلہ کیا گیا اور اعلان کیا گیا کہ جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں قوم سے دفاع وطن کے لیے قربانیاں دینے کا حلف لیا جائے گا۔ سنی اتحاد کونسل سے وابستہ ایک ہزار سے زائد اہلسنّت کے دینی مدارس کے سربراہوں نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پر ممکنہ امریکی جارحیت کی صورت میں ملک بھر کے دینی مدارس کے لاکھوں سرفروش طلباء سروں پر کفن باندھ کر پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے حقیقی جہاد میں شریک ہوں گے اور اپنے لہو سے پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کی جنگ لڑیں گے اور پاک سرزمین کو امریکی قبرستان بنا کر دم لیں گے۔ اس بات کا اعلان اہلسنّت کے دینی مدارس کے سربراہوں کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اجلاس جامعہ رضویہ میں تنظیم المدارس اہلسنّت پاکستان کے مرکزی نائب صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے پاکستانی حکومت، فوج اور آئی ایس آئی پر بلاجواز الزام تراشیوں اور دھمکیوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو دنیا بھر میں امریکہ کے خلاف تحریک نفرت شروع کر کے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جائے گی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دینی مدارس کے لاکھوں طلباء پاک فوج کے سپہ سالار کے اشارے کے منتظر ہیں۔ حکومت پاکستان اور پاک فوج نے امریکی دباﺅ کے سامنے ڈٹ کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کر کے قومی مفادات کے تقاضوں کے مطابق درست اقدام اٹھایا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان پر حملہ کیا تو "غزوہ ہند" شروع ہو جائے گا جس کی بشارت حضور نبی کریم ص نے صدیوں پہلے فرمائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ڈوبتا ہوا سورج ہے۔ اگر امریکہ نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو سپر طاقت کے زعم میں مبتلا امریکہ کو کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان، ایران، چین اور ترکی کے ایک دفاعی بلاک کے قیام پر بھی غور کرنا چاہیے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ اگر امریکہ نے پاکستان پر حملہ کیا تو تورا بورا پاکستان کا نہیں امریکہ کا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو امریکی ایجنٹوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ کو آخری سلام کہنے اور امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بعض سیاستدان اس نازک قومی مرحلے پر بھی سیاست بازی کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہیں سوچنا چاہیے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں قومی اتحاد کا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے تجویز دی کہ امریکہ کی ممکنہ اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کے تمام سیاستدان اور شہری اپنے اثاثے فی الفور پاکستان منتقل کر کے وطن سے محبت کا ثبوت دیں اور سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے معاف کروائے گئے قرضے واپس لئے جائیں نیز کرپشن کے خاتمے کے لیے بے رحم اور بے لاگ احتساب کا مضبوط ادارہ قائم کیا جائے۔
اجلاس میں جن مدارس کے سربراہوں نے شرکت کی ان میں جامعہ قادریہ عالمیہ گجرات کے پیر محمد افضل قادری، جامعہ جلالیہ مظہر الاسلام لاہور کے علامہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، جامعہ اشرف المدارس اوکاڑہ کے مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی، جامعہ جلالیہ رضویہ کامونکی کے سربراہ مفتی محمد اشرف جلالی، جامعہ رضویہ فیصل آباد کے صاحبزادہ حامد رضا، جامعہ نقشبندیہ ڈسکہ کے علامہ قاری خالد محمود، جامعہ شیخ الحدیث فیصل آباد کے علامہ باغ علی رضوی، جامعہ اکبریہ میانوالی کے صاحبزادہ عبدالمالک، جامعہ خلیلیہ کندیاں کے پیر سید صفدر شاہ گیلانی، جامعہ غوثیہ نوریہ لاہور کے صاحبزادہ نعیم عارف نوری، جامعہ اکبریہ کوٹلی میانی کے پیر واجد علی شاہ، جامعہ حنفیہ چشتیہ خانقاہ ڈوگراں کے صاحبزادہ نور المجتبیٰ چشتی، جامعہ چشتیہ رضویہ پہاڑپور کے مولانا ظاہر شاہ قادری، مرکز الاسلامی شادباغ لاہور کے مفتی محمد حسیب قادری، جامعہ انوار المصطفیٰ سکھر کے مفتی عارف سعیدی ، جامعتہ المصطفیٰ پیر زادہ رضا ثاقب مصطفائی، جامعہ اویسیہ رضویہ بہاولپور کے صاحبزادہ ریاض احمد اویسی، جامعہ شیخ الاسلام میاں چنوں کے صاحبزادہ عبداللہ سیالوی، جامعہ غوثیہ گوجرانوالہ کے مولانا محمد اکبر نقشبندی، جامعہ غوثیہ لالہ موسیٰ کے قاری عبدالعزیز کیلانی، جامعہ رضویہ مصباح القرآن وہاڑی کے مولانا فیض بخش رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں جمعتہ المبارک 30 ستمبر کو ملک بھر میں "یوم مذمت امریکہ" منانے کا فیصلہ کیا گیا اور اعلان کیا گیا کہ جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں قوم سے دفاع وطن کے لیے قربانیاں دینے کا حلف لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 102186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش