0
Wednesday 26 Oct 2011 12:41

امریکی جنگ سے فوراً علیحدگی اختیار کی جائے، دھمکیوں کی وجہ حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسی ہے، منوّر حسن

امریکی جنگ سے فوراً علیحدگی اختیار کی جائے، دھمکیوں کی وجہ حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسی ہے، منوّر حسن
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منوّر حسن نے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی جانب سے پاکستان کو دھمکی دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسی، پارلیمنٹ اور اے پی سی کی قراردادوں کے مطابق اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے پاکستان کو یہ دھمکیاں مل رہی ہیں، حکومت اور فوج کے سربراہ امریکی دھمکیوں کا سختی سے نوٹس لیں اور اس بارے میں آل پارٹیز کانفرنس کی قرارددادوں پر سختی سے عمل کریں۔
 منصورہ سے جاری کیے گئے بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے بوکھلاہٹ میں پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی کے ساتھ پاکستان کے تعاون کی تعریف بھی کی ہے، جسے منافقت ہی کہا جا سکتا ہے۔ منور حسن نے کہا کہ امریکا نے ڈرون حملوں کی صورت میں پاکستان پر غیراعلانیہ جنگ مسلط کر رکھی ہے جسے پاکستان کے بےحمیت حکمران ٹھنڈے پیٹوں برداشت کر رہے ہیں، پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی اور پاک فورسز پر حملے بڑھتے جا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس مسئلے پر پارلیمنٹ میں متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں جن پر ہنوز عمل درآمد نہیں ہوا، اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی جنگ سے فوراً علیحدگی اختیار کی جائے، امریکی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے، امریکا سے ڈرنے کے بجائے اسے یہ پیغام دیا جائے کہ اگر امریکا نے پاکستان پر حملہ کیا تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کا مقابلہ کرے گی اور اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے گی۔
خبر کا کوڈ : 109362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش