0
Friday 4 Nov 2011 01:21

شریف برادران، عمران خان اور صدر زرداری کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال بند کریں، راجہ ریاض

شریف برادران، عمران خان اور صدر زرداری کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال بند کریں، راجہ ریاض

اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے پنجاب میں ہونے والی کرپشن اور ڈینگی سے ہونے والی ہلاکتوں پر چیف جسٹس آف پاکستان سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی، (ق) لیگ دوسری، ایم کیو ایم تیسری، تحریک انصاف چوتھی اور (ن) لیگ پانچوں بڑی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران کے جلسے سے پنجاب کے حکمرانوں کی نیندیں اڑ گئیں، لاہور شہر سے باہر کہیں بھی حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔ راجہ ریاض نے کہا کہ شریف برادران اور عمران خان سن لیں کہ اگر آصف علی زرداری کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال بند نہ کیا گیا تو ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے جب بھی بھاگیں گے شریف برادران ہی بھاگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 65 ہزار سکولوں میں سے 12 ہزار سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے اور میرے علاقے فیصل آباد میں سکول ختم کر کے وہاں پولیس چوکی قائم کر دی گئی ہے۔ لاہور کنال روڈ کا ٹھیکہ بغیر ٹینڈر کے 500 گنا ریٹ سے بھی زیادہ پر دیا گیا ہے۔
راجہ ریاض نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہبازشریف نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف جو زبان استعمال کی ہے، اس سے (ن) لیگ کا سیاہ چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، پنجاب میں اس وقت ون مین شو ہے اور لاہور کے علاوہ کہیں اراکین اسمبلی کی کوئی اوقات نہیں اور ہر طرف افسرشاہی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نوازشریف اور چیف جسٹس سے بھی کہا کہ شہبازشریف کی بیڈ گورننس کا نوٹس لیا جائے لیکن ایسا نہیں ہوا اور اب ایک مرتبہ پھر چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پنجاب میں ہونے والی کرپشن، حکومت کی نااہلیوں کے باعث ہونے والی ہلاکتوں، ڈاکو راج، اغواء برائے تاوان اور افسرشاہی کا نوٹس لیں اور اگر عدالت نوٹس نہیں لے گی تو ہم خود پنجاب حکومت کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا دانش سکول پروگرام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، پنجاب میں ون مین شو ہے اور شہباز شریف اپنی ضد اور انا کی وجہ سے صوبے کو تباہ کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت میں کرپشن ہو رہی ہے تو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین چودھری نثار علی خان اس کا نوٹس لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے سیکریٹری نے سوئی گیس چوری نہیں کی، جن لوگوں نے میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کیا، ان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کروں گا اور اس ساری سازش کے پیچھے (ن) لیگ کی قیادت، پنجاب حکومت اور سوئی گیس کے ایک ملازم کا ہاتھ ہے جن کو جلد عوام کے سامنے بے نقاب کر دوں گا۔

خبر کا کوڈ : 111556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش