0
Tuesday 30 Apr 2024 19:28

جماعت اسلامی کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ممتاز سہتو

جماعت اسلامی کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ممتاز سہتو
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ایڈوکیٹ ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ سندھ سرکاری مقرر کردہ ریٹ پر کسانوں سے گندم خریداری نہ کرنا اور بار دانہ حقیقی حقداروں کی بجائے سیاسی بندر بانٹ و کرپشن کی نذر کرنا زراعت و سندھ دشمنی ہے، جماعت اسلامی کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ظلم کے خلاف اور مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی، پنجاب میں جماعت اسلامی کے کسان بورڈ نے کسانوں کے حقوق کے لیے تحریک شروع کردی ہے، آج پورے صوبے میں دھرنے دیئے گئے ہیں، سندھ کے کسانوں کو بھی بیدار ہوکر اپنے حقوق کے لیے میدان میں نکلنا پڑے گا، اس ظالم و استحصالی معاشرے میں حقوق دیئے نہیں جاتے بلکہ میدان میں نکل کر پرامن مزاحمت کے ذریعے ہی لیے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹھارجہ میں کسانوں کے دھرنے میں شرکت و میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ جماعت اسلامی کے نمائندہ وفد نے کسانوں کے دھرنے میں شرکت اور اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

ممتاز سہتو نے مزید کہا کہ حکومت اور افسر شاہی گروپ نے مل کر کسان کا گلا دبا دیا ہے، سندھ ایک زرعی صوبہ ہے کسانوں کی محنت سے سندھ میں اس بار گندم کی بہت ہی زبردست فصل ہوئی ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومت خریدنے کے بجائے اپنے ایجنٹ کے ذریعے گندم خرید رہی ہے جس سے کاشتکاروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، حکومت مقرر کردہ سرکاری ریٹ پر کسی بھی کسان سے گندم خریدنے کیلئے تیار نہیں، گندم کا بار دانہ بھی بااثر شخصیات اور اپنے من پسند کمیشن والے لوگوں کو ہی بانٹ دیا ہے جو تشویش ناک ہے، سندھ کے کاشتکار بے زبان ہیں جن کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے، یہ ظالم بااثر گروپ غریب کسانوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہیں، اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ رویہ صرف کسان دشمن نہیں بلکہ سندھ دشمن عمل ہے اور سندھ کی زراعت کو تباہ کرنے کی ایک سازش کی جارہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1132178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش