0
Friday 3 May 2024 14:58

چلاس بس حادثہ، اموات 20 ہو گئیں، گلگت اور چلاس کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

چلاس بس حادثہ، اموات 20 ہو گئیں، گلگت اور چلاس کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
اسلام ٹائمز۔ چلاس بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہو گئی جبکہ 21 افراد زخمی ہیں۔ ضلع دیامر کے علاقے گونر فارم کے قریب یشوکھل داس کے قریب آج صبح ساڑھے 5 بجے خوفناک بس حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 20 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور 21 زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق مارکوپولو کمپنی کی جانب سے چلائی جانے والی بس، جس کا رجسٹریشن نمبر LES 8831 تھا، صبح تقریباً 5 بجے یشوکھل کے قریب گہری کھائی میں گر گئی۔ مسافروں کا تعلق گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع اور دیگر صوبوں سے تھا جن میں سکردو، گلگت، نگر اور ہنزہ کے علاوہ خیبر پختونخواہ، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقے شامل ہیں۔
 
ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 20 مسافر جان کی بازی ہار گئے۔ زخمی مسافروں کو RHQ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ ضرورت مندوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
 
دوسری جانب چلاس بس حادثے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو گلگت پی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ شہید سیف الرحمان ہسپتال اور پی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ادھر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کے خصوصی احکامات پر دیامر اور گلگت سمیت دیگر اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو امدادی کاروائیوں کیلئے متحرک کر دیا ہے۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے انتظامیہ اور پولیس سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 1132640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش