0
Wednesday 8 May 2024 08:05

چوہدری انوارالحق کا اسلامی تعاون تنظیم کے 15 ویں سربراہی اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کی حمایت کا خیرمقدم

چوہدری انوارالحق کا اسلامی تعاون تنظیم کے 15 ویں سربراہی اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کی حمایت کا خیرمقدم
اسلام ٹائمز۔  آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے گیمبیا کے دارالحکومت بانجول میں 57 رکنی اسلامی تعاون تنظیم کے 15 ویں سربراہی اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کی حمایت کا خیرمقدم کیا ہے۔ اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے سربراہی کانفرنس کے 34 نکاتی اعلامیے میں بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے عزم کے اعادے اور سلامتی کونسل سے اس بات کا مطالبہ کرنے کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کو بھارت سے حق خودارادیت دلائے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سربراہی کانفرنس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے، حریت رہنماؤں کی فوری رہائی اور مقبوضہ ریاست کو بھارت میں ضم کرنے کے اقدامات واپس لینے کا جو مطالبہ کیا وہ حقیقت پر مبنی ہے اس لئے اس پر عمل درآمد کیلئے عالمی برادری کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے اسلامی کانفرنس کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کی جانب سے ان الفاظ کا بھی خیرمقدم کیا کہ جموں و کشمیر کے عوام کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت او آئی سی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ یورپی ملکوں خاص کر سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کے حامل ملکوں کو اسلامی ممالک کی سب سے موثر اور بڑی تنظیم کے اعلامیے پر غور کرنا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سربراہی کانفرنس میں جو مطالبے کئے گئے ہیں ان پر عمل درآمد کروانے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی کو چھوٹے اور جنوبی ایشیا کے اس دیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلیے آگے بڑھے تاکہ خطے میں پائیدار امن کی ضمانت دی جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 1133535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش