0
Wednesday 8 May 2024 10:30

قابض انتظامیہ کشمیریوں سے ان کی جائیدادیں اور قدرتی وسائل چھین رہی ہے، محمود ساغر

قابض انتظامیہ کشمیریوں سے ان کی جائیدادیں اور قدرتی وسائل چھین رہی ہے، محمود ساغر
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت قابض ہندوتوا انتظامیہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے ان کی جائیدادیں اور قدرتی وسائل چھین رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدام کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے جن میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اور جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے پر پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا گیا۔ 

حریت رہنمائوں نے اس موقع پر اپنی تقاریر میں کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں جبر و استبداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی مقدس تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ حریت رہنمائوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے مظالم کا نوٹس لیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔
خبر کا کوڈ : 1133557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش