0
Saturday 17 Dec 2011 18:02

دھرنے کے بینرز اور پوسٹر اتارنا اوچھے ہتھکنڈے ہیں، جماعت اسلامی

دھرنے کے بینرز اور پوسٹر اتارنا اوچھے ہتھکنڈے ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پی ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 25 دسمبر کے دھرنے کے بینرز اور پوسٹر اہم اور بڑی شاہراہوں سے اتارنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے ا وچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، ہم شہر لاہور کو کسی کی جاگیر نہیں بننے دیں گے، حکومت وقت مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے، جنہیں ملک و قوم کے مسائل سے کوئی غرض نہیں، عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے، وطن عزیز میں شاید ہی کوئی ایسا ادارہ ہو جہاں نااہل، من پسند اور کرپٹ افراد تعینات نہ کیے گئے ہوں، تمام قومی سلامتی کے فیصلے پارلیمنٹ سے باہر ہو رہے ہیں، میمو سکینڈل گھناؤنی سازش کا حصہ ہے جس کے حقائق 18 کروڑ عوام کے سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ اور آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، دو ہزار سے زائد صنعتی یونٹس بند جبکہ صرف فیصل آباد جیسے شہر میں چار لاکھ تک مزدور بے روز گار ہو چکے ہیں، معاشی صورتحال دن بدن گھمبیر ہوتی جا رہی ہے، حکومتی اعدادوشمار کے جادوگر قوم کو سب ’’اچھا‘‘ کی نوید سنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والا 25 دسمبر کا دھرنا موجودہ حکمرانوں سے بیزاری کی علامت ثابت ہو گا، لاہور کی باشعور اور غیور عوام سے اپیل ہے کہ وہ مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، امریکی مداخلت، نیٹو سپلائی لائن کی مکمل بندش کے لئے دھرنے میں بھرپور انداز میں شرکت کریں، جب تک عوام سڑکوں پر نہیں نکلیں گے ملک میں مثبت تبدیلی رونما نہیں ہو سکتی۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے لاپتہ ہونے والے 3400 سے زائد نان کمرشل کنٹینرز کا اسلحہ پاکستان میں اتار لیا گیا ہے جبکہ یہ کنٹینرز افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لاپتا ہونے والے 29 ہزار کنٹینرز کے علاوہ ہیں، خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان میں نیٹو حکام بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں نیٹو کو سپلائی دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 122974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش