0
Wednesday 21 Dec 2011 13:40

نیٹو سپلائی بحال کرنیکی کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کی جائیگی، عبدالغفار عزیز

نیٹو سپلائی بحال کرنیکی کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کی جائیگی، عبدالغفار عزیز
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے، 37 ہزار پاکستانیوں کو ڈرون حملوں کے ذریعے شہید کردیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ حکمران امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں، اگر امریکا اور نیٹو کی سپلائی لائن بحال کرنے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی کے کارکن سر سے کفن باندھ کر اس کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ نزد اسلامیہ کالج پر خواتین کی تحفظ پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی نے خطاب کیا۔ ریلی میں خواتین نے شیر خوار بچوں کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں خواتین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک افواج پر امریکی و نیٹو افواج کے حملے کی مذمت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے باہر آنے کے مطالبات درج تھے۔
عبدالغفار عزیز نے کہا ہے کہ غداران وطن پاکستان کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں مگر قوم متحد ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ کبھی روس سپر پاور ہوتا تھا مگر جب اس کی موت آئی تو اس نے افغانستان کا رخ کیا اور اب امریکا سپر پاور ہونے کا دعوی کررہا ہے۔ عراق اور افغانستان پر قبضہ کیا مگر اب امریکا ذلت کے ساتھ عراق سے نکل گیا ہے۔ آج جب پاکستان پر حملہ کیا جارہا ہے امریکا افغانستان سے نکلنے کا راستہ تلاش کررہا ہے۔ ڈرون حملوں کے ذریعے 37 ہزار پاکستانی شہید کئے گئے اب وقت آگیا ہے کہ ہم امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے افغانستان میں جتنے لوگوں کو شہید کیا انہیں سپلائی کراچی سے فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن سروں سے کفن باندھ کر امریکا کی سپلائی لائن بند کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین جب سڑکوں پر آئیں تو یہ حکمرانوں کیلئے غیرت کا مقام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میمو اسکینڈل میں امید ہے کہ سپریم کورٹ سچ کو سچ کر دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 37 ہزار پاکستانیوں کے قتل کا حساب چاہیے۔ پاکستان باقی رہنے کیلئے بنا ہے، یہ ملک امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہے اس کے خلاف سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہم حکمرانوں اور امریکا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی خواتین پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے میدان میں نکلی ہوئی ہیں اور وقت پڑنے پر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دس سال سے پاکستان کے وسائل کو استعمال کررہا ہے مگر حکمران یہ سمجھ گئے ہیں کہ امریکا ایک مکار ملک ہے، آج پاکستان کی قربانیوں کا یہ صلہ دیا جارہا ہے کہ ہم پر ڈرون حملے کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شمسی ائیر بیس خالی کرانا نیٹو کی سپلائی بند کرنا خوش آئند ہے مگر اب حکمرانوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ سے بھی باہر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جرنیلوں، کرنلوں سے قوم کو کوئی امید نہیں، نیٹو کی سپلائی بحال کرنے کی کوشش کی گئی تو قوم حکمرانوں اور جرنیلوں کو معاف نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 124030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش