0
Monday 9 Jan 2012 00:10

پرویز مشرف کا جنوری کے آخر تک وطن واپسی اور چترال سے الیکشن لڑنے کا اعلان

پرویز مشرف کا جنوری کے آخر تک وطن واپسی اور چترال سے الیکشن لڑنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے چترال سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا، مزار قائد پر عوامی جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم پاکستان میں نظام بدلنا چاہتے ہیں یا کہ صرف چہرے۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کی طرف جا رہے ہیں، آج کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ میرا دوسروں سے مقابلہ کرنے والے دیکھیں کہ میں نے 10 سال کامیاب اننگز کھیلی ہے۔ میرے دور حکومت میں پاکستان کو معاشی ترقی ملی، عوام کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، لیکن آج پی آئی اے، پاکستان ریلوے سمیت دیگر ادارے تباہی کا شکار ہیں۔ ریاستی ادارے ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑ رہے ہیں۔ 

مہنگائی، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے نہ صرف عوام پریشان ہیں بلکہ معیشت کا پہیہ بھی رُک چکا ہے۔ آج اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ بھوکی عوام اپنے بچے بیچنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ آج پاکستانیوں کو مایوسی کا سامنا ہے۔  پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ بلوچستان جا کر میرے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، میں بلوچوں کو قدر کی نظر سے دیکھتا ہوں، ہم نے مری اور بگٹی قبائل کو خوشحالی دی، انہوں نے اعلان کیا کہ چاہے میری جان کو بھی خطرہ ہو میں اسی ماہ 30 جنوری تک پاکستان واپس آئوں گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہے وہ رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آ رہے ہیں۔ وہ چترال سے الیکشن لڑیں گے۔ وہ بلوچوں کے دشمن نہیں۔ انتہا پسند ملک کیلئےخطرہ ہیں۔ پرویز مشرف نے دعویٰ کیا ان کے دورمیں ریکارڈ ترقی ہوئی۔ سابق صدر پرویزمشرف نے دبئی سے ویڈیو لنک کے ذریعے کراچی میں جلسے سے خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے وطن واپسی کی تاریخ دے دی۔ پرویزمشرف نے بتایا کہ وہ سب سے پہلے کراچی آئیں گے اور چترال سے الیکشن لڑیں گے۔ پرویز مشرف نےکہا وہ مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پرویز مشرف نے کہا ان کے دور حکومت میں کسی چیز کا بحران نہیں تھا۔ انہوں نے کہا گزشتہ تین سال میں پاکستان پر بیرونی قرضے ساٹھ ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ انہوں نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ پرویز مشرف نے کراچی میں ترقیاتی کام کرانے پر ایم کیو ایم، مصطفٰی کمال اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ پرویز مشرف نے کہا وہ بلوچ عوام کے دشمن نہیں، وہ پاکستان کے دشمنوں کے دشمن ہیں۔ پرویز مشرف نے اپنے حامیوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں جماعت کو منظم اور مضبوط کریں۔ سابق صدر نے بتایا کہ وہ راسخ العقیدہ مسلمان ہیں۔ ان کیلئے چھ مرتبہ خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا۔
خبر کا کوڈ : 128714
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش