0
Sunday 22 Jan 2012 20:53

نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے، دفاع پاکستان کونسل

ہم تشدد کے قائل نہیں، لیکن اپنے دفاع سے غافل نہیں رہیں گے، مولانا سمیع الحق
نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے، دفاع پاکستان کونسل
اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں دفاع پاکستان کونسل کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق حقانی نے کہا ہے کہ حکومت وقت فوری طور پر امریکہ کے الائنس سے علیحدگی اختیار کرے ورنہ جہاد کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سابق ملعون صدر نے ہمیں اس جنگ میں امریکہ کا اتحادی بنایا اور اس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے شرکائے جلسہ سے وفاداری اور جان فدا کرنے کا حلف بھی لیا۔

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ اللہ کی نعمت ہے کہ آج ہم سب جمع ہیں، اور خالص اللہ کی رضا کے لئے ملک کے تحفظ کے لئے اور کافروں کے ظلم و ستم سے پاکستان کو بچانے کے لئے، اللہ نے ہمیں ایک کر دیا ہے، یہ ایسی نعمت ہے، اللہ تعالٰی ہر آیت میں بہت جامعیت سے کام لیتا ہے، لیکن اس آیت میں ایک لفظ کو دوبارہ دہرایا گیا کہ اللہ کی تعمت کو یاد کرو تم بکھرے ہوئے تھے ایک دوسرے کے قریب نہیں آتے تھے تو اللہ نے تمہارے دلوں میں باہمی الفت پیدا کی۔ ہم ایک عظیم مشن اور مقصد کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ اس کونسل کو منزل تک پہنچانے کے لئے سفر جاری رکھنا ہو گا۔ اس کونسل نے ظالموں سے پاکستان کو تحفظ دلانے کا اعلان کیا ہے۔ آج ہمارا پورا ملک غیروں کے رحم و کرم پر ہے۔ ہمارا ملک غیروں کا اتحادی ہے، ہمیں ایک ظالم اور ملعون صدر نے ظالم  امریکہ کی گود میں ڈال دیا۔ اس کے سامنے ایک لاش بنا کر پھینک دیا کہ جو مرضی ہے کرو۔ 

ہمیں امریکہ کے الائنس سے فوری نکلنا ہو گا ورنہ ہم ان لوگوں کے ساتھ جہاد کا راستہ اختیار کریں گے۔ آپ سب اتحاد قائم رکھیں اور جہاد کے لئے تیار رہیں۔ ہمارے پڑوس میں افغان محاہدین پچیس سال سے جہاد کر رہے ہیں، کشمیر اور فلسطین کو پینسٹھ سال ہو چکے ہیں کہ وہ مسلسل جہاد کر رہی ہیں اور یہ اقوام تھکنے کا نام نہیں لے رہیں۔ ہم ملک میں امن و سلامتی چاہتے ہیں، ہم تشدد کے قائل نہیں ہیں لیکن ہم اہنے دفاع سے غافل نہیں رہیں گے۔ اسلامی جہاد بہت دور کی بات ہے، فی الحال ہمیں دفاعی جہاد کو جاری رکھنا ہو گا۔

آخر میں تمام شرکاء سے حلف لیا گیا کہ کیا آپ سب کو دفاع پاکستان کونسل کے مقاصد سے اتفاق ہے۔ تمام لوگوں سے کہا گیا کہ تمام شرکاء کھڑے ہو جائیں، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین آپ سے حلف لیں گے۔
 حلف کچھ یوں تھا بسم اللہ الرحمان الرحیم لیاقت باغ راولپنڈی میں ہم اللہ تعالٰی کو حاضر و ناظر، قادر و مقتدر جان کر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کے ساتھ مل کر عہد کرتے ہیں کہ اسلامی جہموریہ پاکستان کے حغرافیے، نظرئیے، عزت و وقار اور اسلامی تشخص کی حفاظت کے لئے ہر طرح کی قربانی دیں گے۔ امریکہ یا اس کے اتحادی ممالک بھارت، اسرائیل و نیٹو افواج نے اگر پاکستان پر جارحیت کی یا اسکی آزادی، خودمختاری و سالمیت و مقدس سرحدات پر حملہ کیا تو ہم جہادی جذبے و قومی غیرت و حمیت کے ساتھ اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ 

ہم صدق دل کے ساتھ عہد کرتے ہیں جس طرح ہمارے بزرگوں تحریک آزادی اور پھر تحریک پاکستان میں صدق دل کے ساتھ اخلاف اور قربانی کی عظیم تاریخ مرتب کی، اسی طرح ہم بھی دفاع مملکت خداداد پاکستان کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ دفاع پاکستان کونسل جب بھی آواز دے گی، ہم سروں پر کفن باندھے، جانیں ہتھیلی پر رکھ اس آواز پر لبیک کہیں گے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کے ساتھ ساتھ اسے ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک قرارداد مقاصد کے مطابق اللہ تعالٰی کی حاکمیت قائم نہین ہو جاتی اور پاکستان حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ نہیں بن جاتا۔ ہم اللہ تعالٰی سے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالٰی ہمیں اس عہد کو نبھانے کی توفیق دے۔

نیٹو کے لئے فضائی حدود بھی بند کی جائیں، دفاع پاکستان کونسل
 دفاع پاکستان کونسل نے نیٹو کے لئے فضائی حدود بھی بند کرنے کا مطالبہ کر دیا، مقررین کا کہنا ہے کہ انقلاب آنے سے ہی حکمرانوں سے نجات ملے گی۔ لیاقت باغ راولپنڈی میں دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو سب سے زیادہ اندرونی خطرات لاحق ہیں۔ مسائل اس وقت حل ہونگے جب تمام مذہبی جماعتیں ایک پلاٹ فارم پر اکٹھی ہوں گی۔ سید منور حسن نے کہا کہ نیٹو سپلائی کھولنے کے لئے شرائط طے کی جا رہی ہیں۔ غلامی کی اس دستاویز پر دستخط نہیں ہونے دیں گے۔ حافظ سعید نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دیکر پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ نے کہا کہ سیکولر نظام پاکستان کے لئے خطرہ ہے، اسمبلیوں میں بیٹھے لوگ ملک کی تقدیر نہیں بدل سکتے۔

دیگر ذرائع کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ نیٹو سپلائی مستقل بند کی جائے جبکہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ راولپنڈی میں جے یو آئی کے امیر مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت کانفرنس میں جماعت اسلامی کے امیر منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت سے تعلقات مسئلہ کشمیر سے مشروط کیے جائیں۔ امریکا، بھارت اور اسرائیل پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں لیکن امریکا کو افغانستان اور عراق جبکہ بھارت کو کشمیر میں شکست کا سامنا ہے۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت دنیا کی کرپٹ ترین حکومت بن چکی ہے۔ کانفرنس میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حمید گل، سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ، میاں محمد اسلم اور صاحبزادہ ابوالخیر زبیر بھی شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 132256
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش