0
Thursday 26 Jan 2012 01:50

گورنر کے اعتراضات مسترد، پنجاب اسمبلی نے 14 بل دوبارہ منظور کر لئے

گورنر کے اعتراضات مسترد، پنجاب اسمبلی نے 14 بل دوبارہ منظور کر لئے

اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی نے گورنر کے واپس کئے گئے 28 بلوں میں سے 14 بلوں پر اعتراضات مسترد کر کے ان کی دوبارہ منظوری دے دی ہے۔ جعلی ادویات میں ہلاکتوں پر بریفنگ اور موسیقی کی محافل پر پابندی کی قرارداد کے خلاف مشترکہ قرارداد لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اسپیکر رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں گورنر کی طرف سے بھیجے گئے بلوں کی منظوری سے پہلے اپوزیشن کی جانب سے بلوں کی منظوری کے لئے کمیٹی بنانے اور 18 ویں آئینی ترمیم کے عملداری کمیشن سے مشاورت کی تجاویز کو مسترد کردیا گیا۔ 

وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کا موقف تھا کہ جن بلوں کو گورنر سردار لطیف کھوسہ نے نظرثانی کے لئے واپس اسمبلی کو بجھوایا ہے وہ محکمے صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ محکمہ وفاق کے پاس نہیں ہیں جبکہ کنکرنٹ لسٹ بھی ختم ہو چکی ہے۔ اپوزیشن نے نظرثانی کے لئے بھجوائے گئے بلوں کی دوبارہ منظوری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے پنجاب کی وفاق سے محاذ آرائی کا آغاز قرار دیا۔
 
بلوں کی منظوری کے دوران پیپلز پارٹی کے پارلیمانی ذوالفقار گوندل اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا نے تین بار ایوان سے واک آوٹ کیا کہ وہ غیر قانونی عمل کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوں کی منظوری میں میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ بہتر ہوتا کہ قومی اسمبلی کی طرح پنجاب اسمبلی میں بھی اتفاق رائے سے قانون سازی کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ضیا الحق کی روح پنجاب اسمبلی کا چکر لگاتی ہے اور جمہوریت کے نام پر آمریت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ 

اپوزیشن نے پانچ مرتبہ کورم کی نشاندہی کی مگر حکومت نے کورم پورا کر کے اجلاس کی کارروائی کو جاری رکھا۔ ایوان میں وزیر قانون نے جعلی ادویات سے ہلاکتوں پر رپورٹ پیش کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر سعید الٰہی اراکین کو بریفنگ دیں گے۔
 
قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے وزیراعلٰی پنجاب سے اسمبلی کے اجلاس میں آنے کا مطالبہ کیا اور سپیکر کو تجویز دی کہ وہ میاں شہباز شریف کی گمشدگی کا اشتہار میڈیا میں دیں۔ رانا ثنا اللہ نے یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعلٰی جلد ایوان میں آکر اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔ سپیکر نے تعلیمی اداروں میں محافل موسیقی کے حوالے سے مشترکہ قرارداد لانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ 

خبر کا کوڈ : 133078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش