0
Tuesday 31 Jan 2012 00:58

ایک مرتبہ پھر شیعہ سنی فسادات کی سازشیں کی جا رہی ہیں، الطاف حسین

ایک مرتبہ پھر شیعہ سنی فسادات کی سازشیں کی جا رہی ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر شیعہ سنی فسادات کی سازشیں کی جا رہی ہیں اور کراچی میں علمائے کرام، وکلاء، ڈاکٹرز اور دیگر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اسی سازش کا حصہ ہے۔ شیعہ سنی سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء اور عوام کو مل کر اس سازش کو ناکام بنانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ماہِ ربیع الاول میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے سلسلے میں کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے اجتماعات سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان اجتماعات میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، مشائخ عظام، اسکالرز، دینی و مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں، ثناء خوان، ذاکرین اور مختلف دینی مدارس کے منتظمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے لیکن چند ایسے ظالم لوگ بھی ہیں جو مذہب کے نام پر نفرت کا درس دیتے ہیں۔ شیعہ سنی فساد کی سازش کی جاتی ہے جس میں معصوم انسانوں کی قیمتی جانیں چلی جاتی ہیں تاکہ اس کے ردعمل میں اشتعال پھیلے اورایم کیو ایم نے اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی جو فضاء پیدا کی ہے اسے نقصان پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر کراچی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں، وکلاء اور علماء کو قتل کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ہی ایک امام بارگاہ کے ٹرسٹی ڈاکٹر محسن جعفری اور ایک نوجوان تاثیر عباس کو قتل کیا گیا۔ ٹارگٹ کلنگ کسی شیعہ کی ہو یا سنی کی، اس پر قتل ہونے والے شیعہ کے گھر والوں کو جتنا دکھ ہوگا اتنا ہی سنی کے گھر والوں کو بھی ہوگا۔ لہٰذا شیعہ اور سنی علماء کو ان واقعات کی مذمت کرنا چاہیے اور جرات کے ساتھ یہ کہنا چاہیے کہ مذہب کے نام پر عوام میں نفرت پھیلانے والوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، یہ منافقین میں سے ہیں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں اور ان کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں۔ مذہب، مسلک اور عقیدے کی بنیاد پر بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کی گرفت کرے، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روک تھام کرے اور شیعہ سنی عوام کو تحفظ دے۔

الطاف حسین نے شیعہ سنی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے ذریعے فرقہ وارانہ فساد کرانا چاہتے ہیں ہمیں اپنے اتحاد سے ان فسادی عناصر کی سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہیے اور مل جل کر ان کی سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ بھی فرقہ وارانہ فساد کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے خطبات میں اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے برسوں سے جو کوششیں کر رہی ہے وہ سب کے سامنے ہیں اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے ساتھ جو تعاون کرتے ہیں اس پر ان کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔
خبر کا کوڈ : 134302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش