0
Saturday 4 Feb 2012 01:43

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا کشمیری عوام سے غداری ہے، محمد حسین محنتی

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا کشمیری عوام سے غداری ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کشمیری ساڑھے 7 لاکھ بھارتی فوج کے ظلم کا شکار ہیں اور ہندوستان کی تسلط سے آزادی کیلئے بر سرپیکار ہیں، اقوام متحدہ، او آئی سی اور پاکستان حکومت نے مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہے، بھارت نے پاکستان کو دولخت کیا اس کے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اسے پسندیدہ ملک قرار دینا کشمیری عوام سے غداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت اہلیان کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظاہرے سے جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی، نائب امراء حافظ نعیم الرحمن اور نصراللہ خان شجیع نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور طالبات بڑی تعداد میں شریک تھیں، جنہوں نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی کے پرچم اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جس پر ’’ کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا للہ ‘‘ ساڑھے سات لاکھ بھارتی فوج کا مقابلہ کرنے والی کشمیری عوام کو سلام اور کشمیر کی آزادی سے متعلق مطالبات درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی خواتین کی مرکزی رہنما عائشہ منور، ڈپٹی سیکریٹری دردانہ صدیقی اور ناظمہ کراچی رعنا فضل نے کی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ تقسیم ہند کے وقت کشمیر کا پاکستان سے الحاق ہونا تھا مگر انگریزوں نے سازش کے تحت ہندوستان کے حوالے کردیا، اقوام متحدہ بھی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بجائے عالمی طاقتوں کی غلامی میں مصروف ہے، قائد اعظم نے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا، ہزاروں کشمیری نوجوانوں نے جانوں کی قربانی دی لاکھوں لوگ شہید ہوئے مگر اس کے باوجود اقوام متحدہ، او آئی سی اور حکومت پاکستان کچھ کرنے کیلئے تیار نہیں، امن کی آشا کے نام پر ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کو پسندیدہ ملک قرار دے کر تمام رعایتیں دینا چاہتا ہے مگر افسوس کہ مسلمان ممالک سے تجارت کرنے پر تیار نہیں، حکومت کے اقدامات باعث حیرت ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے اور فیصلوں پر نظر ثانی کرے، وزیر اعظم مسئلہ کشمیر کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں، ہندوستان پر دباؤ ڈالیں اور تمام اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کشمیر کی آزادی کو ممکن بنائے۔

نسیم صدیقی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی، کشمیر کے معاملے میں حکومت نے بھی کشمیریوں کو مایوس کیا اور مغرب نے اس معاملے میں دوہرے معیار کا ثبوت دیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہل کشمیر نے بھارتی غلامی کو مسترد کردیا ہے، کشمیریوں کو حق ہے کہ وہ عسکری جدوجہد کریں۔ نصر اللہ شجیع نے کہا کہ ہم اہل کشمیر کو ہر طرح کی حمایت کا یقین دلاتے ہیں، بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور حکمران اسے پسندیدہ ملک قرار دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 135237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش