0
Saturday 4 Feb 2012 18:36

سنی تحریک کے زیراہتمام ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ص کے تقریبات جاری

سنی تحریک کے زیراہتمام ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ص کے تقریبات جاری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی ؐ  کے سلسلے میں ملک گیر استحکام پاکستان میلاد ریلیاں نکالی گئیں۔ راولپنڈی میں عظیم الشان استحکام پاکستان میلاد ریلی مری روڈ پر لیاقت باغ تا شمس آباد نکالی گئی جسکی قیادت پاکستان سنی تحریک راولپنڈی اور اسلام آباد کے رہنماؤں مفتی لیاقت علی رضوی، صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال، علامہ طاہر اقبال چشتی اور علامہ وسیم عباسی نے کی جبکہ اس موقع پر علماء و مشائخ، ممتاز سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ پاکستان سنی تحریک کے عہدیداروں اور کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مفتی لیاقت علی رضوی نے کہا کہ حکومت سانحہ نشتر پارک کے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔ کراچی میں جاری پاکستان سنی تحریک کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ پر حکومتی خاموشی افسوسناک ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا اور اگر یہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
خیر پور اور گوجرانوالہ میں میلاد ریلی پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال نے کہا کہ میلاد مصطفی کہ برکت سے ملک میں امن کی خوشبو پھیلے گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے 11 اور 12 ربیع الاول کی مستقل سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جائے اور اسلامی نظریاتی کونسل اور آئین کی روشنی میں فی الفور نظام مصطفی نافذ کیا جائے۔ بارہ ربیع الاول کو منعقدہ سیرت کانفرنس کا نام قومی میلاد کانفرنس رکھا جائے۔

علامہ طاہر اقبال چشتی نے کہا کہ 23 مارچ کو مینار پاکستان میں عوامی طاقت کا بھر مظاہرہ کریں گے۔ ملک سے سیاسی وڈیرہ شاہی، کرپشن اور اقرباء پروری کا خاتمہ ممکن بنائیں گے۔ ساری قوم کو مل کر نظریہ پاکستان کے تحفظ اور نظام مصطفی ؐکے نفاذ کے لیے سنی تحریک کا ساتھ دینا چاہیے۔ علامہ وسیم عباسی نے کہا کہ ملک میں جعلی انقلاب کی صدائیں بلند کر نے والے پہلے خود اپنی ذات میں انقلاب لائیں پھر قوم کو اس طرف راغب کریں۔ آج ملک جس دہراہے پر کھڑا ہے یہ بات ضروری ہو چکی ہے کہ ملک کی بقاء اور سلامتی کے لیے تمام محب وطن قوتیں اپنا کردار ادا کریں۔

علامہ ریحان اکبر ہاشمی، علامہ احسان قریشی، علامہ ربنواز فاروقی اور صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی نے اپنے خطابات میں کہا کہ عید میلاد النبی شاندار طریقے سے منانے پر شمع رسالت کے پروانے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ملک میں جاری بدامنی اور دہشتگردی کے باوجود کروڑوں عوام اہلسنت نے شاندار طریقے سے میلاد منا کر یہ ثابت کر دیا کہ اگر نشتر پارک جیسے ہزاروں سانحات بھی ہوں تو بھی اہلسنت میلاد منانا ہرگز نہیں چھوڑیں گے۔
خبر کا کوڈ : 135394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش