0
Monday 13 Feb 2012 00:55

امریکی کانگریس کے بعد منٹر کا بھی بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اظہار تشویش

امریکی کانگریس کے بعد منٹر کا بھی بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ ابھی امریکی کانگریس کی کمیٹی میں بلوچستان کی صورتحال پر پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ رکا نہیں تھا کہ پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے بھی بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکا کو بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے لیکن امریکا اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں فوج، عدلیہ اور پارلیمنٹ میں لڑائی کی باتیں کی جا رہی ہیں لیکن پاکستان میں پارلیمنٹ مستحکم، عدلیہ مضبوط اور ایگزیکٹو طاقتور ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اگر اپنے علاقوں میں موجود طالبان یا حقانی نیٹ ورک سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو امریکا کو آگاہ کرے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑا مسئلہ ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کیمرون منٹر نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر حکومتِ پاکستان سے بات کی جانی چاہیے، لیکن امریکا اس سے آگے ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، جس سے پاکستان میں عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو۔ امریکی کانگریس میں بلوچستان کے بارے میں مباحثے پر کیمرون منٹر کا موقف تھا کہ کانگریس میں ایسا ہونا ایک عام بات ہے اور وہاں کوئی بھی رکن کوئی بھی بات کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی حکومت کا کانگریس پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 137302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش