0
Saturday 18 Feb 2012 19:01

امریکہ بلوچستان کی بجائے کشمیریوں کے حق ارادیت کی بات کیوں نہیں کرتا، صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ بلوچستان کی بجائے کشمیریوں کے حق ارادیت کی بات کیوں نہیں کرتا، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلہ پر امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کا پیش ہونا خطرے کی گھنٹی اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت کی بدترین مثال ہے، امریکہ بلوچستان کی بجائے مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کیوں نہیں کرتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ روانگی سے پہلے لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ نے ایوان نمائندگان میں مسئلہ بلوچستان پر قرارداد پیش کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل امریکہ بلوچستان کے قدرتی و معدنی وسائل کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہا ہے اس لیے امریکہ اور بھارت مل کر ناراض بلوچوں کو پیسہ اور اسلحہ فراہم کر کے بلوچستان میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ 

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سی آئی اے اور را نے بلوچستان ڈیسک قائم کر رکھے ہیں اور افغانستان میں موجود بھارتی قونصلیٹ بلوچستان میں آگ لگانے کا کام کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قوم بلوچستان میں امریکی مداخلت پر خاموش نہیں رہے گی، اب وقت آ گیا ہے کہ حکمران امریکہ کے ساتھ دو ٹوک بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قومی قیادت بلوچستان میں امریکی مداخلت کو روکنے کے لیے متحد ہو جائے اور بلوچستان کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 138775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش