0
Wednesday 28 Oct 2009 09:40

وزیرستان آپریشن کی کامیابی کا ٹائم فریم نہیں دے سکتے،آرمی چیف کی صدر کو بریفننگ

وزیرستان آپریشن کی کامیابی کا ٹائم فریم نہیں دے سکتے،آرمی چیف کی صدر کو بریفننگ
اسلام آباد:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے منگل کو صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف نے فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق امور پر صدر مملکت سے تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف نے صدر کو وزیرستان آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران جنرل اشفاق پرویز کیانی نے صدر مملکت کو بتایا کہ آپریشن راہ نجات کامیابی کی طرف گامزن ہے تاہم یہ آپریشن راہ راست سے قطعی مختلف ہے اور اس کی کامیابی کے حوالے سے واضح ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو شدت پسندوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کیلئے پاک فضائیہ کی مدد بھی حاصل ہے جبکہ وزیرستان میں جاری آپریشن میں سیکیورٹی فورسز تیزی سے پیش قدمی کر رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے آپریشن راہ نجات کے اب تک کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کے حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور تمام متعلقہ اداروں کو تمام وسائل فراہم کریگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے فوج نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ہے۔ ملاقات کے دوران صدر زرداری نے شدت پسندوں کیخلاف آپریشن کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے فوجی افسران اور سپاہیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملک میں امن و سلامتی کیلئے جانیں دینے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات میں داخلی سلامتی کے حوالے سے دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔
دریں اثناء مبصرین اس ملاقات کو اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے ایک روز قبل یہ ملاقات ہوئی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن جو آج (بدھ کو) اسلام آباد پہنچیں گی، صدر اور وزیراعظم سے سکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کریں گی۔ امریکی کانگریس کی طرف سے پاکستان کو دی جانیوالی فوجی امداد پر نئی شرائط پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سیاسی اور غیر سیاسی حلقے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پاکستان کو دی جانے والی فوجی امداد پر توہین آمیز شرائط پر امریکی انتظامیہ سے دو ٹوک بات کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 13997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش