0
Saturday 25 Feb 2012 20:14

بلوچستان معاملہ پر جلد آرمی چیف سے ملوں گا، گیلانی

بلوچستان معاملہ پر جلد آرمی چیف سے ملوں گا، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے پر تمام فریقین سے رابطے کر رہے ہیں۔ فریقین کی مشاورت کے بعد ہی کل جماعتی کانفرنس یا جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں اس لئے تمام گروپس سے امن کی اپیل کی ہے۔ امریکا کے ساتھ باہمی مفادات پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ امریکہ سے تعلقات اور نیٹو سپلائی کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نیا ٹيکس نہیں لگے گا، روزگار کے ایک لاکھ مواقع پیدا ہوں گے۔ اپوزیشن نے ہماری نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کر کے میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی کی۔
 
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی اور ایئر چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اندرونی معاملہ ہے، وقت آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیسویں آئینی ترمیم کیلئے کسی قسم کی بارگیننگ نہیں کی۔ صرف رکے ہوئے ترقیاتی فنڈز بحال کئے ہیں۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سینٹ انتخابات کے بعد ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور سردار آصف کی سیٹیں پیپلزپارٹی کی تھیں اپوزیشن نے اپنے امیدوار کھڑے کر کے میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی کی۔ 

وزیرا عظم گیلانی کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت کے بیس فیصد باقی حصے پر عمل درآمد کیلئے نواز شریف سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی قلت ہے، 3500 میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کی ہے۔ سرکلر ڈیٹ میں 50 ارب روپے کا مسئلہ باقی ہے جو بجٹ سے پہلے حل کر لیا جائے گا۔ گیس کی قلت دور کرنے کیلئے ایران اور قطر سے معاہدے کئے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات سے قبل آگ کے دریاء عبور کیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 140745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش