0
Tuesday 28 Feb 2012 01:05

موجودہ سیٹ اپ کے تحت انتخابات قبول نہیں کیے جائیں گے، سید منور حسن

موجودہ سیٹ اپ کے تحت انتخابات قبول نہیں کیے جائیں گے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں موروثی سیاست ایک بار پھر کامیاب ہوگئی ہے۔ گیلانی اور مرزا کے بیٹوں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے جس پر وہ ’’مبارکباد ‘‘ کے مستحق ہیں۔ پیپلزپارٹی کی خاتون صوبائی امیدوار نے انتخابی عملے کو جس رعونت کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا ہے وہ دراصل الیکشن کمیشن کے منہ پر بدترین طمانچہ ہے۔ تین روز گزر جانے کے بعد بھی اس خاتون کے خلاف ضابطے کی کارروائی نہ ہونا الیکشن کمیشن کی بے بسی ظاہر کرتا ہے۔ الیکشن کمیشن اسی طرح بے اختیار اور بے بس رہا تو آئندہ عام انتخابات کے نتائج بھی ضمنی انتخابات سے مختلف نہیں ہوں گے۔ بیسویں آئینی ترمیم کے موقع پر آزاد الیکشن کمیشن اور عبوری حکومت کے بارے میں پیپلزپارٹی کی حکومت سے حاصل کی گئی یقین دہانیاں بھی کسی کام نہیں آ سکیں گی۔ موجودہ سیٹ اپ کے تحت انتخابات قبول نہیں کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر وقار ندیم وڑائچ کے بیٹے حمزہ کی تقریب ولیمہ میں میڈیا اور منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سید منور حسن نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے مزاج میں ہی آئین و قانون کی پابندی کرنا نہیں ہے۔ صدر اور وزیراعظم تک آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کو پاؤں تلے روندنے کے عادی ہو چکے ہیں۔ اس پارٹی نے ہمیشہ انتخابات میں دھونس اور دھاندلی سے نتائج حاصل کیے ہیں۔ صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی صوبائی اسمبلی کی امیدوار نے جس بری طرح الیکشن کی ڈیوٹی پر مامور خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، وہ انتہائی شرمناک ہے۔ اس کے خلاف اب تک انضباطی کارروائی نہ ہونا اور اسے نااہل قرار نہ دینا الیکشن کمیشن پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

سید منور حسن نے کہا کہ حکومت کا اولین فرض ہے کہ وہ بلوچستان میں امریکی مداخلت کے خلاف ایران اور افغانستان کے ساتھ مل کر احتجاج کرے اور بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد کو بازیاب کرایا جائے۔ لوگوں کو اغواء کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے والوں کا سراغ لگایا جائے اور انہیں عدالتوں کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔ بلوچستان کے عوام کا کہنا ہے کہ ملکی ایجنسیاں یہ کام کر رہی ہیں، اگر ایجنسیاں اس سے انکار کرتی ہیں تب بھی انہیں اپنی نااہلی کا اعتراف کرنا چاہئے۔ ہماری ایجنسیاں سی آئی اے اور بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کو پاکستان کی سلامتی کے خلاف کارروائیاں کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور تحفظ کے ذمہ دار ادارے اپنے اصل فرض کو پس پشت ڈال کر امریکی مفادات کے تحفظ میں لگے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے آج قوم کو بدترین حالات کا سامنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین جن میں بوڑھے مرد، عورتیں اور شیر خوار بچے بھی ہیں، گزشتہ دس بارہ دن سے سخت موسم اور سردی میں پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ ان میں سے چند افراد نے بھوک ہڑتال بھی کر رکھی ہے لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ کسی وزیر یا ذمہ دار سرکاری افسر نے ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی ان کے کیمپ کا دورہ کیا ہے۔ یہ کتنی بے حس اور ظالم حکومت ہے جسے عوام کے دکھ درد کا احساس تک نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 141351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش