0
Thursday 1 Mar 2012 22:01

25 مارچ کا اجتماع شیعہ قوم کی عظمت کی گواہی دے گا، علامہ راجہ ناصر عباس

25 مارچ کا اجتماع شیعہ قوم کی عظمت کی گواہی دے گا، علامہ راجہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ 25 مارچ کا اجتماع شیعہ قوم کی عظمت کی گواہی دے گا، سانحہ گلگت بلتستان اور پاراچنار میں نمازیوں پر وحشیانہ حملوں میں امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان ملوث ہیں، امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان شیطانی طاقتیں ہیں جو پاکستان کو داخلی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں، امریکی و اسرائیلی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، مرکزی سیکریٹری سیاسیات علی اوسط اور دیگر مقررین نے گلگت بلتستان جانے والی بس پر ہونے والی وحشیانہ فائرنگ کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ماتمی ریلی کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔

احتجاجی ماتمی جلوس میں سیکڑوں عزاداران امام حسین علیہ السلام شریک تھے جنہوں نے ہاتھوں میں سیاہ اور سرخ علم اٹھا رکھے تھے اور لبیک یا حسین علیہ السلام کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے، احتجاجی ماتمی جلوس مسجد شاہ خراسان سے نکالا گیا اور مسجد و امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پہنچ کر ختم ہوا۔ شرکائے ماتمی جلوس نے امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان امریکی دہشت گرد حکومت سے تعلقات منقطع کرے۔

احتجاجی ماتمی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بس پر سفاک دہشت گردوں کا وحشیانہ حملہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ خطے میں حکومت کی کوئی رٹ قائم ہی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان پاکستان میں ملت جعفریہ کا قتل عام کرکے مملکت خداداد پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں، ملت جعفریہ پاکستان دشمن کی ان ناپاک سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے ہر ممکنہ اقدام کرے گی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہئیے کہ امریکی نواز دہشت گردوں کے خلاف زبانی کلامی جمع خرچ کی بجائے عملی کارروائی کرے اور ملک بھر میں درجنوں مقدمات میں ملوث امریکی نواز دہشت گردوں کو لگام ڈالے تاکہ ملک بھر میں ملت جعفریہ کا قتل عام روکا جائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملت جعفریہ کے تمام مسائل کا واحد حل اتحاد و وحدت میں پنہاں ہے کیونکہ جس دن پاکستان کے شیعہ ایک جگہ جمع ہوگئے اس دن ہم وقت کے یزیدوں کے ہاتھوں سے خنجر چھین کر ان کے سینے میں گھونپ سکتے ہیں۔ انہوں نے ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والی تمام تنظیموں، انجمنوں، اداروں، شخصیات، علمائے کرام، ذاکرین عظام کو 25 مارچ کو کراچی میں منعقدہ قرآن و اہلبیت ؑ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ 25 مارچ کا اجتماع شیعہ قوم کی عظمت کی گواہی دے گا، لہٰذا ہر شیعہ اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے نشتر پارک کی جانب اپنے قدم بڑھائے۔

علی اوسط نے کہا کہ بس پر وحشیانہ حملہ اور درجنوں معصوم انسانوں کی شہادت ایک افسوس ناک فعل ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ اس موقع پر شرکائے احتجاجی ماتمی جلوس نے دہشت گردی نا منظور، لبیک یا حسین علیہ السلام، مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل، مردہ باد ہندوستان سمیت شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات کے فلک شگاف نعرے بلند کئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کی سازشوں کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 142118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش