0
Thursday 8 Mar 2012 15:40

طالبان نے پنجاب کے تعلیمی اداروں پر حملوں کا منصوبہ بنا لیا

طالبان نے پنجاب کے تعلیمی اداروں پر حملوں کا منصوبہ بنا لیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے بعد اب پنجاب کے تعلیمی اداروں پر بھی طالبان نے حملوں کا منصوبہ بنا لیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک طالبان پنجابی گروپ نے لاہور سمیت پنجاب کے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے خود کش بمبارروں کی ایک ٹیم روانہ کی گئی ہے جو سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کو بھی نشانہ بنائیں گے خاص طور پر ایسے تعلیمی ادارے جہاں تعلیمی نظام مخلوط ہے ان اداروں کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بھی اعتراف کیا ہے کہ تھریٹ موجود ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم پنجاب حکومت نے اس کا سدباب کرنے کے لئے تمام تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے ہیں جب کہ نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنی سیکیورٹی کے لئے انتظامات کر لیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اطلاع کچھ دن پہلے ملی تھی کہ دہشت گردوں نے پنجاب میں تعلیمی اداروں کی نشانہ بنانے کے لئے کچھ خودکش بمبار لاہور بھیجے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں قیام امن کے لئے کوشاں ہے اور ہم دہشت گردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے مثالی اقدام کر رہی ہے اور ہم کسی بھی دہشت گردانہ جماعت کے تھریٹ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

مجتبیٰ شجاع کا کہنا ہے کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے بیدار اور چوکس ہیں ہم ان کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ذہین طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کر رہی ہے تا کہ وہ تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کی خصوصی ڈیوٹیاں بھی لگا دی ہیں جبکہ دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی سادہ کپڑوں میں تعلیمی اداروں کے باہر اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں پاکستان دشمن قوتیں اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گی۔

خبر کا کوڈ : 143978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش