0
Sunday 8 Apr 2012 08:20

گلگت و بلتستان کے انتہائی حساس خطے میں امن و امان کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے، عمران خان

گلگت و بلتستان کے انتہائی حساس خطے میں امن و امان کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے گلگت و بلتستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت کو اسکا ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور کہا ہے کہ حکومت عوام کو جان و مال کا بنیادی تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ آج پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں تحریک انصاف کے چئیرمین نے گلگت و بلتستان میں بڑھتے ہوئے فرقہ وارنہ تشدد اور قتل وغارت پر گہرے افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ رپورٹس کے مطابق گذشتہ ۳ دنوں میں کم از کم دو سو افراد کو قتل کیا جا چکا ہے اور موت اور تباہی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ 

عمران خان نے پر تشدد واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کے لئے دعا کی۔ تحریک انصاف کے راہنما نے حکومت کی طرف سے کر فیو کے نفاذ، ذرائع حمل و نقل کی بندش، زمینی اور فضائی رابطوں کی منقطعی کو غیر دانشمندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے اور وہاں روزمرہ اشیائے خوردنوش کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ 

عمران خان نے کہا کہ گلگت بلستان کے انتہائی حساس خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کی ساری ذمہ داری براہ راست مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے جو اپنی نااہلی اور کرپشن کی بناء پر اس پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کی بناء پر ایک طرف بلوچستان میں فرقہ وارانہ تشدد پہلے سے بہت بڑھ چکا ہے جہاں شیعہ، ہزارہ قبیلہ کے افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ کراچی اور ملک کے دوسرے حصوں میں بھی امن و امان کی حالت نہایت ابتر ہو چکی ہے۔ 

گلگت و بلتستان میں ہونے والے حالیہ فسادات کا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ کبھی بھی کسی اعلی حکومتی یا سیاسی شخصیت کا صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس نہ لینا اور اس علاقہ کا کوئی دورہ نہ کرنا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ رحمان ملک کی غیر دانشمندانہ بیانات کی مذمت کی اور کہا کہ وزیراعظم گیلانی کے پاس اس حساس معاملے کے حل کیلئے کوئی وقت نہیں وہ سپریم کورٹ جیسے قومی اداروں کی تضحیک اور کرپشن کو تحفظ دینے میں مصروف ہیں اور صدر آصف زرداری عوام کے ٹیکس کی رقم پر دنیا کے موج میلے کر رہے ہیں۔
 
عمران خان نے حکومت کو اس اندوہناک واقعات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو پورا خطہ تشدد اور تباہی کی لہر پھیل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم گیلانی کو خود فوری طور پر اس علاقہ کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لینا چاہیے۔ عمران خان نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں امن و امان کی بحالی اور عوام کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کیلئے پوری لگن سے کام کریں۔ انہوں نے جلد گلگت و بلتستان کا دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 151324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش