0
Monday 23 Apr 2012 18:52

نظامِ مصطفی کا سونامی امریکی غلاموں کو بہا لے جائے گا، صاحبزادہ فضل کریم

نظامِ مصطفی کا سونامی امریکی غلاموں کو بہا لے جائے گا، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز. نظام مصطفی کے حق اور عریانی و فحاشی کے خلاف اسلام آباد جانے والے ’’کاروانِ نظامِ مصطفی‘‘ کے آغاز پر افتتاحی خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان جاگیرداروں، سرمایہ داروں، وڈیروں، مذہبی تاجروں اور سیاسی فرعونوں کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے، نیٹو سپلائی کی بحالی کے فیصلے کے تباہ کن نتائج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن امریکی چمک اور دمک کا شکار ہو گئی ہے، شکم پرست حکمران قوم کی جان چھوڑ دیں، پورا ملک طیارہ حادثے اور سانحۂ سیاچن کے سوگ میں ڈوبا ہے اور پنجاب کے حکمران میلے کروا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کلچرل شو منسوخ نہ کر کے بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے، مغربی قوتوں کے لیے خود کو قابل قبول بنانے کے لیے ناچ گانے کو فروغ دیا جا رہا ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں کیونکہ عریانی و فحاشی کا سیلاب سب کچھ بہا لے جائے گا، ایمان کی حرارت والے مغربی تہذیب کا راستہ روکیں گے۔ حکمران اسلام کو دیس نکالا دینے کی عالمی کوششوں کے ساتھی نہ بنیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ آدھے پاکستان پر حکومت کرنے والے اپوزیشن نہیں حکمران ہیں اور ملکی مسائل کے برابر کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران قومی خزانے پر عیاشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں سارے امیرزادے، مخدوم زادے اور نیب زادے شکست کھائیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہم پاکستان کے اندر ہر سیاسی طاغوت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے اور سر دھڑ کی بازی لگا کر عوام کو ان کے وہ سارے حقوق دلوائیں گے جن سے انہیں آج تک محروم رکھا گیا ہے۔ سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ نظامِ مصطفی کا سونامی امریکی غلاموں کو بہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں امریکی گماشتوں کا صفایا کر دیں گے اور انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کر کے دم لیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ منی لانڈرنگ کی رقم واپس لانے کے لیے قانون سازی کی جائے اور سپریم کورٹ کرپشن کے ذریعے بنائے گئے اثاثے ضبط کرنے کا حکم جاری کرے۔ پیر محمد افضل قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سارے مسائل کا حل نظامِ مصطفی کے نفاذ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عریانی و فحاشی کے خاتمے کے لیے ’’حجاب آرڈیننس‘‘ نافذ کر کے خواتین کے لیے سکارف ضروری قرار دیا جائے۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ہم اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور دین بیزار عناصر کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کاروان کی قیادت سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین اور عالمی تنظیم اہلسنّت کے امیر پیر محمد افضل قادری نے کی۔ کاروان کی افتتاحی تقریب سے صاحبزادہ ضیاء اللہ رضوی، پیر تبسم بشیر اویسی نے بھی خطاب کیا۔ 

خبر کا کوڈ : 155929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش