0
Friday 27 Apr 2012 01:00

بھوک ہڑتالی اسیران کیخلاف اسرائیلی ہتھکنڈے، 140 نامعلوم مقام پر منتقل

بھوک ہڑتالی اسیران کیخلاف اسرائیلی ہتھکنڈے، 140 نامعلوم مقام پر منتقل

اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کی عالمی یک جہتی کونسل کا کہنا ہے کہ صہیونی عقوبت خانوں میں آٹھ روز سے جاری سینکڑوں فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال نے اسرائیلی جیل انتظامیہ کو پریشان کر ڈالا ہے، ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے مجدو جیل کی انتظامیہ نے ہڑتال کرنے والے 140 اسیران کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، انٹرنیشنل سولڈیریٹی فاونڈیشن کے تحقیق کار احمد بیتاوی نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ دو روز کے دوران جیل پر متعدد مرتبہ دھاوا بولا اور یہاں سے کم از کم 140 اسیران کو نامعلوم مقام کی جانب منتقل کر دیا ہے، ایک خیال کے مطابق یہ قیدی جلبوع جیل بھیجے گئے ہیں، منتقل کیے جانے والوں میں فلسطینی رکن پارلیمان احمد الحاح علی، معروف اسیر رہنما رفت ناصف، جیل میں حماس اسیران کے ترجمان محمد العارف بھی شامل ہیں۔
 
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق احمد بیتاوی کے بہ قول جیل سے نکالے گئے افراد کو دوران منتقلی اپنی ضروری اشیاء حتی کہ کپڑے تک اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی، عالمی ادارے کے تحقیق کار نے بتایا کہ اسرائیلی انتظامیہ ان اسیران کو ایسی قید تنہائی میں ڈالنا چاہتی ہے جہاں دنیا کو ان کے بارے میں کچھ معلوم نہ ہو، تاکہ ان تک کسی بھی خبروں کے چینل کی رسائی ہو سکے نہ ہی کسی عالمی رضا کار کی، انہوں نے بتایا کہ اس جیل میں موجود اکثر فلسطینی قیدی حتی کہ مریض بھی بھوک ہڑتال میں شامل ہو چکے ہیں۔
 
اس جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والےمعروف اسیر رہنماوں میں نجاح یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عزال، کئی روز سے بہیمانہ تشدد کا شکار داد رواجبہ اور معروف صحافی نواف العامر بھی شامل ہیں، ان سب پر ہڑتال ختم کرنے کا زبردست دباو ڈالا جا رہا ہے۔ عالمی تحقیق کار احمد بیتاوی نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے ماہ کے اوائل تک صہیونی جیلوں میں موجود تمام اسیران بھوک ہڑتال میں شامل ہو جائیں گے، یہ بھوک ہڑتال صرف غزہ کی پٹی کے حماس سے تعلق رکھنے والے اسیران تک محدود نہیں ہے بلکہ منگل کے روز اس میں تحریک جہاد اسلامی کے اسیران بھی شریک ہو چکے ہیں۔
 
ادھر عوفر جیل میں بھی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ڈیڑھ سو اسیران کی ہڑتال کامیابی سے جاری ہے، خیال رہے کہ سترہ اپریل سے بھوک ہڑتال کا آغاز کرنے والے اسیران نے آج انیسویں روز بھی ان عقوبت خانوں میں کچھ نہیں کھایا۔

خبر کا کوڈ : 156406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش