0
Monday 28 May 2012 19:27

10 جون کو لسبیلہ کا جلسہ اسلامی انقلاب کا نشان منزل ثابت ہوگا، لیاقت بلوچ

10 جون کو لسبیلہ کا جلسہ اسلامی انقلاب کا نشان منزل ثابت ہوگا، لیاقت بلوچ

اسلام ٹائمز۔ 10 جون کو لسبیلہ کا جلسہ اسلامی انقلاب کا نشان منزل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں شاہ فیصل میں لگائے گئے دعوتی کیمپ کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو، امیر ضلع شرقی اسامہ رضی، قیم محمد عبدالوہاب، سابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی، مقامی امیر آصف بٹ و دیگر ذمہ داران کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ زبان اور فرقوں کی بنیاد پر قوم کی تقسیم کے بیرونی ایجنڈے نے ملک کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے۔ مگر الحمدللہ جماعت اسلامی کی جرات مند قیادت مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ملک و ملت کیخلاف ہونے والی مذموم کوششوں کو ناکام بناکر اتحاد امت کے پیغام کو عام کرے گی۔ عوام مہنگائی، بدامنی اور توانائی کے بحران کی وجہ سے اتحادی حکومت سے نالاں ہیں اور کرپشن سے پاک جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور آنے والا انتخاب جماعت اسلامی کا ہوگا۔ انشااللہ تعالیٰ کامیابی کے نتیجے میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں 20 فیصد یوٹیلٹی بلز کی مد میں 30 فیصد کمی، وی آئی پی کلچر کا خاتمہ اور کفایت شعاری کے ذریعے خوشحال عوام اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ اتحادی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملک کے استحکام اور مسائل کے حل کیلئے عوام کے پاس جماعت اسلامی کا انتخاب ہی واحد اور آخری آپشن ہے۔ 10 جون کا لسبیلہ میں ہونے والا جلسہ عوامی قوت کا بھرپور اظہار ہوگا۔ اس موقع پر ضلعی امیر اسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم نے نظام کی تبدیلی کیلئے عوام کے شعور کو بیدار کردیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 166178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش