0
Friday 8 Jun 2012 00:55

بھارت کشمیریوں کی آواز طاقت کے زور پر دبانا چاہتا ہے، کشمیر پارلیمانی کمیٹی

بھارت کشمیریوں کی آواز طاقت کے زور پر دبانا چاہتا ہے، کشمیر پارلیمانی کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر نوی پیلے کو کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے ریاست جموں و کشمیر میں رائے شماری کیلئے کئی قراردادیں پاس کیں مگر بھارت ان قراردادوں پر عمل کرنے کی بجائے کشمیریوں کی آواز کو طاقت کے ذریعے دبانا چاہتا ہے، چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمان کی غیر موجودگی میں کمیٹی کی قیادت ڈاکٹر عطیہ عنایت اللہ نے کی، ڈاکٹر عطیہ عنایت اللہ نے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر نوی پیلے سے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں سب سے پرانا مسئلہ ہے لہٰذا سلامتی کونسل کا فرض ہے کہ اس مسئلہ کو حل کرائے۔
 
انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے کی بجائے کشمیریوں کی آزادی کی خواہش کو کچل دینا چاہتا ہے، کالے قوانین کی آڑ میں بھارتی فوج کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بے جا تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے یا قتل کر دیا جاتا ہے جبکہ عورتوں کی عزتیں محفوظ نہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اربوں کی جائیداد تباہ کر دی گئی ہے، اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے دو نمائندوں میڈم مارگریٹ سکا گیا اور کرسٹوف ہینس نے حال ہی میں کشمیر کا دورہ کیا اور بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ اب کونسل کا فرض ہے کہ بھارت کے خلاف اقدامات کرے اور کشمیریوں پر مظالم بند کرائے۔ سینٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ کشمیر میں بہت بڑی تعداد میں بھارتی فوج تعینات ہے جو سنگین جرائم میں ملوث ہے، مگر عالمی برادری کچھ نہیں کر رہی، انہوں نے کہا کہ جنوبی سوڈان اور مشرقی تیمور میں تو فوراً عمل ہو گیا مگر کشمیر اور فلسطین میں مسلمان پس رہے ہیں اور عالمی برادری خاموش ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ روش ترک کرنا ہو گی۔
 
اقوام متحدہ ہائی کمشنر نوی پیلے نے کشمیر پر بریفنگ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر اہم مسئلہ ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کروانا ہمارا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ کمیشن نے دو نمائندے کشمیر بھیجے اور ان کی رپورٹس میں تشویش اظہار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کونسل ان پر غور کر رہی ہے جبکہ یوپی آر بھی ان خلاف ورزیوں پر غور کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی انسانی حقوق پامال ہونگے اقوام متحدہ کی کونسل اپنا فرض ادا کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 169025
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش