0
Sunday 24 Jun 2012 01:24

مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے تیار ہیں، راجہ پرویز اشرف

مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے تیار ہیں، راجہ پرویز اشرف
اسلام ٹائمز۔ مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کو حل کرنے کیلئے تیار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے نو منتخب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں پہلی تقریر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد، دہلی سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بہتر تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر کار بند ہے، اس موقع پر بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک باہمی تنازعات کو حل کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیش رووں کی طرح اپنی پہلی ہی پارلیمانی تقریر میں کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے اپنی پالیسی کو واضح کیا، قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران اپنی ایک گھنٹے سے کم تقریر کے دوران نو منتخب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ان کا ملک بھارت، ایران اور افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلق استوار کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے میں امن قائم کیا جاسکے۔
 
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور امن کے فلسفے پر عمل پیرا ہوکر آپسی رشتوں کو مضبوط کرنے کی پالیسی پر پاکستان کاربند رہے گا، وزیراعظم نے کہا کہ تنازعہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل کیلئے جو مذاکراتی عمل شروع کیا گیا ہے اس کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان تیار ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کا خواہشمند ہے اور نئی دہلی کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے مذاکراتی عمل کو اور مضبوط کرنا چاہتا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان میں امریکی افواج کے انخلاء کے ساتھ ہی ایک اہم رول ادا کرنا چاہتا ہے۔
 
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے پاکستان دنیا بھر کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشاء میں امن اور استحکام قائم کرنے کیلئے ایک ثالث کا رول ادا کرنا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ جس طرح انکے پیش رو وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کابل دنیا بھر میں پاکستان کیلئے ضروری اور اہم ہے اور یہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوگا پاکستان میں بھی امن قائم ہونا مشکل ہے۔
خبر کا کوڈ : 173602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش