0
Saturday 7 Jul 2012 23:38

بھارت اور پاکستان کے مابین مذاکرات برائے مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، عمر عبد اللہ

بھارت اور پاکستان کے مابین مذاکرات برائے مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، عمر عبد اللہ
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام حل طلب مسائل کو مذاکراتی عمل سے حل کرنے کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان تنازعات کو حل کرنے کے لئے صرف مذاکرات برائے مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، انہوں نے ستمبر میں نئی دہلی اور اسلام آباد کے وزراء خارجہ کے درمیان مجوزہ ملاقات کے دوران پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک اس مذاکراتی عمل کے دوران تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کے اقدامات اٹھائیں گے، میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل کے بغیر کسی بھی مسئلہ کا حل ممکن نہیں ہے، اسلئے دونوں ملکوں کے درمیان گفت و شنید جاری رہنی چاہیے، تاہم مذاکرات برائے مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اس لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
 
بھارت اور پاکستان کے درمیان سفر کو آسان بنانے کی حمایت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سفر کے لئے طویل مدتی اجازت نامے (ویزے) فراہم کئے جانے چاہیئں، انہوں نے کہا کہ سرکریک اور سیاچن جیسے مسئلوں کے حل سے آر پار تجارت اور آمدورفت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور اسے فروغ بھی حاصل ہوسکتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امسال ستمبر میں ممکنہ طور پر بھارت اور پاکستان کے وزراء خارجہ کے مابین مذاکراتی عمل کا دور شروع ہونے والا ہے جس کےلئے بھارتی وزیر داخلہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے دوران تمام حل طلب اور پیچیدہ مسائل پر بات چییت کی جائےگی اور ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا رواں سال ستمبر کے اوائل میں پاکستان کا مجوزہ دورہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 177265
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش