0
Friday 27 Jul 2012 15:38

برما میں مذہبی انتہا پسند بدھ پرستوں کو کوئی لگام دینے والا نہیں، ثروت اعجاز قادری

برما میں مذہبی انتہا پسند بدھ پرستوں کو کوئی لگام دینے والا نہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آئین کی بالادستی کے بغیر جمہوریت کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، جمہوریت کو قانون کی بالادستی کی مقابل لانے کی کوشش اس کی روح کے منافی ہوگی، برما و آسام میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، انسانی حقوق کے دعویدار مسلمانوں کے کھلے عام بہیمانہ قتل پر خاموش کیوں ہیں؟ مذہبی انتہا پسند بدھ پرستوں کو کوئی لگام دینے والا نہیں۔ پاکستان سنی تحریک برما و آسام کے مسلمانوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتی ہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی برما و آسام میں مسلمانوں کی قتل و غارت گری کا فوری نوٹس لے۔ کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ جاری ہے، مگر افسوس کا مقام ہے کہ حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے سب ٹھیک کا راگ الاپ رہی ہے جو کہ حقائق پر پردہ ڈالنے کے مترادف عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجا ز قادری نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری کی چکی میں پسے عوام تحفظ اور ریلیف کے منتظر ہیں مگر افسوس جو حکومت سب ٹھیک کا راگ الاپ رہی ہوں وہ عوام کو کیونکر تحفظ فراہم کریگی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تاجروں سے بھتہ مانگا جا رہا ہے نہ دینے کی صورت میں بھتہ خور تاجروں کا قتل اغواء اور دوکانوں پر فائرنگ کر رہے ہیں، یہ شاید حکومت کو اس لیے نظر نہیں آتے کہ اس نے آنکھوں پر مصلحت کا کالا چشمہ پہن رکھا ہے۔ جب کہ پی ایس ٹی کے 3 کارکنوں کو چند دنوں میں قتل اور 6 کارکنوں کو زخمی کیا گیا ہے حکمران سرد مہری کا مظاہرہ کرنے کی بجائے کلرز، بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے آئین و قانون کے مطابق اپنے اپنے دائرے کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی برسوں سے این آر او جیسے کالے قانون کی دھند نے قومی افق پر دہشت گردی، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور سماجی و معاشی مشکلات سے دوچار کیا ہے، بہتر ہوگا کہ اداروں سے ٹکراؤ کے راستے کو مسترد کرکے آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں اس میں جمہوریت کے منظم و مضبوط ہونے کا راز پوشیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 182560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش