0
Monday 30 Jul 2012 05:45

ترکی، مصر اور تیونس جیسی تبدیلی کیلئے قوم خود کو تیار کرے، لیاقت بلوچ

ترکی، مصر اور تیونس جیسی تبدیلی کیلئے قوم خود کو تیار کرے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں انقلاب کا درس دیتا ہے، اتحاد امت ہی مسلمانوں کی زبوں حالی کو دور کرسکتا ہے، ملک کے حالات بد سے بدتر کرنے میں حکمران، سول اور بیوروکریسی سب ملوث ہیں، زرداری ذاتی مفادات کی خاطر عدالتی آزادی کو بھینٹ چڑھا رہے ہیں، وفاقی حکومت کے پاس خط لکھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، جماعت اسلامی عدلیہ کی خودمختاری کیلئے ہر قیمت ادا کرنے پر تیار ہے۔ متحدہ کا منصورہ میں خیر مقدم کرتے ہیں مگر ہمارا مؤقف واضح ہے کہ امن اتحادیوں کی بھی ذمہ داری ہے، متحدہ کا اپوزیشن ہونے کا دعویٰ غلط ہے، جماعت اسلامی دلوں کو جوڑ کر نفرتوں کا خاتمہ چاہتی ہے، قوم اللہ کے قانون کے نفاذ کیلئے ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ملیر زون کے تحت کھوکھراپار میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعوت افطار سے امیر ضلع شرقی اسامہ رضی اور امیر ملیر زون توفیق الدین نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق ٹاؤن ناظم ملیر وسیم مرزا اور نویدالاسلام بھی موجود تھے۔ دعوت افطار میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان تربیت کا مہینہ ہے مگر آج ذرائع ابلاغ، پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بے حیائی کی یلغار ہے، اس کی روک تھام کیلئے قاضی حسین احمد نے سپریم کورٹ کو خط لکھا، ہم اقتدار میں آکر فحاشی عریانیت کا خاتمہ کریں گے اور اسلامی تہذیب و تمدن کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 57 مسلم ریاستوں کے حکمران اپنے اقدامات سے مسلمانوں کی بربادی کا سامان کر رہے ہیں، برما میں فوجی آمریت مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے جس پر OIC کی خاموشی قابل مذمت ہے، قرآن و دامن مصطفیﷺ کو چھوڑنے کے سبب آج امت سے جینے کا حق چھن رہا ہے، نیٹو سپلائی کی بحالی ذلت کا معاہدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ہمیشہ کی طرح لہولہان ہے، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری شہر کو برباد کر رہی ہے، ہم متحدہ کا خیر مقدم تو کرتے ہیں مگر یہ بھی باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ متحدہ نے ہمیشہ بے اصولی کی سیاست کرکے مسائل کو مزید الجھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی عروج پر ہے، وسائل کی کمی نہیں مگر حکمرانوں کی بدنیتی اور بداعمالیوں کے سبب مسائل کا گرداب ہے، پیپلز پارٹی اداروں میں تصادم کے ذریعے انتشار پیدا کرکے آمریت کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہے مگر قوم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیگی۔ جماعت اسلامی عدلیہ کی آزادی کیلئے ہر قیمت چکانے کو تیار ہے۔ ترکی، مصر اور تیونس جیسی تبدیلی کیلئے قوم خود کو تیار کرے۔
خبر کا کوڈ : 183373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش