0
Tuesday 31 Jul 2012 18:13

شام کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، حزب اللہ

شام کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، حزب اللہ
اسلام ٹائمز۔ 2006ء کی جنگ اسرائیل کے منہ پر طمانچہ تھی، ہم مسئلہ القدس سے غافل نہیں رہ سکتے، پاکستان میں فرقہ واریت کی پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے، مغربی و عرب میڈیا شام کے حالات کو بگاڑ کر پیش کر رہا ہے، ترکی کی شام میں دخل اندازی ترکی کی سالمیت کے خلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار حزب اللہ لبنان کے سیاسی امور کے انچارج ڈاکٹر احمد ملی اور حزب اللہ کی القدس کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر حیدر دقماق نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے ڈویژنل دفتر میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی کی شوریٰ کے اراکین اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ممبران کے علاوہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر محمد منہال رضوی بھی اپنی کابینہ کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر مولانا صادق رضا تقوی نے مترجم کے فرائض انجام دیئے۔ آخر میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری سیاسیات اصغر عباس زیدی نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

ڈاکٹر احمد ملی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ القدس ہم سب کا مسئلہ ہے، ہم اس مسئلے سے غافل نہیں رہ سکتے، میں فلسطین فاؤنڈیشن کے اراکین کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے ہمیں پاکستان میں اس مسئلے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی غرض سے دعوت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مشترکہ دشمن امریکہ و اسرائیل ہے، اس دنیا میں اور بالخصوص پاکستان میں فرقہ واریت کو اصل وجہ اسرائیل ہے۔ رفیق حریری کے قتل کے بعد اسرائیل نے بہت کوشش کی کہ لبنان میں فرقہ واریت کو عام کیا جائے اور سعد حریری نے بھی ان سے تعاون کیا، لیکن حزب اللہ کی مثبت حکمت عملی نے اسرائیل اور اس کے لبنان میں موجود ایجنٹوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ بیت المقدس آزاد ہو تو ہمیں داخلی سطح پر کسی سے نہیں الجھنا ہے، ہماری ساری توجہ عالمی استعمار کو کمزور کرنے کی جانب ہونی چاہیئے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر احمد ملی نے کہا کہ ہمیں نہیں لگتا کہ اسرائیل شام پر حملے کی بیوقوفی کرے گا، لیکن ہماری خواہش ہے کہ اسرائیل ایک مرتبہ یہ بیوقوفی کرے۔ اس وقت مغربی و عرب میڈیا شام کے مسئلے کو بگاڑ کر پیش کر رہا ہے، شام کے عوام کی اکثریت شامی حکومت کے ساتھ ہے اور حزب اللہ بھی شام کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طیب اردگان کے تمام بیانات بھی ہواؤں میں ہیں، ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے، ترکی کی شام میں مداخلت خود ترکی کی سالمیت کے خلاف ہے۔ حزب اللہ کے سیاسی امور کے انچارج نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای دنیا کی واحد شخصیت ہیں کہ جنہوں نے شام کے مسئلے پر ایک واضح اسٹینڈ لیا ہے اور ان کی اس شجاعت کی بدولت چین اور روس بھی ابھی تک شام کے مسئلے پر امریکہ و دیگر طاقتوں کے سامنے کھڑے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 183829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش