0
Friday 3 Aug 2012 05:25

برما میں نسل کشی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا

برما میں نسل کشی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم اور ان کی نسل کشی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت آج ( جمعہ ) 3 اگست کو دو بجے دن جامع مسجد بنوری ٹاؤن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی نے کہا ہے کہ برما میں مسلمانوں کے خلاف ظلم و ستم کا جو بازار گرم کیا گیا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، اب تک 20 ہزار سے زائد مسلمانوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کردیا گیا ہے ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مساجد، مدارس اور مکانات نذر آتش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے آواز بلند کرنے کے بجائے چپ سادھ لی ہے، کوئی اس ظلم کے خلاف آواز بلند نہیں کر رہا، اب تو انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے یہ بھی رپورٹ پیش کردی ہے کہ برما میں فوج نہتے مسلمانوں کو تہہ تیغ کر رہی ہے اور ایک منظم سازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملی یکجہتی کا ثبوت دیتے ہوئے احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔
خبر کا کوڈ : 184513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش