0
Monday 6 Aug 2012 03:20

پاکستان میں مسائل کی جڑ امریکی مداخلت ہے، سید منور حسن

پاکستان میں مسائل کی جڑ امریکی مداخلت ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی نظام انسانیت کو مسائل سے نجات نہیں دلا سکا، اسلامی انقلاب میں ہی تمام مسائل کا حل ہے، پاکستان میں مسائل کی جڑ امریکی مداخلت ہے۔ امریکی دباؤ پر اگر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا گیا تو پورا ملک انارکی کا شکار ہوجائے گا۔ عوام انتخابات میں امین اور دیانتدار لوگوں کو ووٹ دیں، انتخابات ہی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت انو بھائی پارک ناظم آباد میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعوت افطار سے ضلع وسطی کے امیر فاروق نعمت اللہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نجمی عالم اور ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی امام الدین سمیت جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد نسیم، کراچی کے سیکریٹری جنرل نسیم صدیقی بھی موجود تھے۔

سید منور حسن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پورا معاشرہ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے اور اللہ کا تقوی اختیار کرکے ہی ہم مسائل سے نجات پاسکتے ہیں۔ خدا سے بے خوف ہوکر گزاری جانے والی زندگی پرسکون نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ تقویٰ پیدا کرنے کا مہینہ ہے اگر یہ صفت پیدا نہ ہو تو ہمیں سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ ہم ملکی اور قومی انتخابات کو تبدیلی کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ انتخاب کی آواز دلوں پر دستک دے رہی ہے اور لوگ تبدیلی کی بات کر رہے ہیں کہ انتخابات انقلاب کا پیش خیمہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فکر و نظر کو تبدیل کرنے والا انقلاب صرف اسلام کا انقلاب ہے۔ قوم پرستی کے نعروں کے ذریعے انقلاب نہیں آسکتا۔ یورپی اقوام نے قوم پرستی کا نعرہ لگایا لیکن وہ بھی آج مایوس ہیں۔ کراچی میں جئے مہاجر کا نعرہ لگانے والے بھی آج متحدہ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی نظام انسانیت کو سکھ نہیں دے سکا۔ کیمونزم کے انہدام کے بعد اب سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ نیویارک اور وال اسٹریٹ میں آج لاکھوں عوام سڑکوں پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام نظاموں نے غربت میں اضافہ ہی کیا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی یہی کہتی ہے کہ کوئی انقلاب جو لوگوں کو ظلم اور مسائل سے نجات دلا سکتا ہے تو وہ صرف اسلامی انقلاب ہے۔ جب ہم اسلامی انقلاب کی بات کرتے ہیں تو شریعت اور خلافت راشدہ اور عدل و انصاف کی بات کرتے ہیں، یہ انصاف غیر مسلموں کیلئے بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت گھروں پر بیٹھنے کا نہیں لوگوں کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ جنہیں تم ووٹ دیتے ہو انہوں نے تمہارے مسائل حل نہیں کئے۔ جھوٹوں کو ووٹ دو گے تو سچوں کی حکومت قائم نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ حکمرانوں نے امریکی غلامی قبول کرلی ہے۔ امریکا ڈرون حملے کرتا ہے اور ہم خاموش رہتے ہیں۔ ملٹری آپریشن امریکی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ اب بھی حقانی نیٹ ورک کے خلاف آپریشن کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، اگر شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کیا گیا تو پورا ملک انارکی کا شکار ہوجائے گا اور ملک کو بچانا مشکل ہوجائے گا اور امریکا یہی چاہتا ہے کہ ملک میں افراتفری پھیلے اور امریکا کیلئے یہ کہنا آسان ہوجائے کہ پاکستان کا ایٹمی اثاثہ غیر محفوظ ہاتھوں میں جاسکتا ہے لہذا اسے بین الاقوامی تحویل میں دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام فوج کا ہر اول دستہ رہے ہیں اگر یہ محب وطن نہیں تو کوئی محب وطن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دشمن کو مسلح نہیں کرتا، نیٹو کی سپلائی بحال کرنے کا مطلب افغانوں کے قتل عام کیلئے اور پورے ملک کو سلالہ بنانے کا ہم امریکا کو لائسنس دے دیں۔ نیٹو کو اسلحے کے ساتھ ساتھ شراب اور خنزیر کا گوشت بھی بھیجا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پورے خطے کو کنٹرول نہیں کرسکتا جب تک امریکا پاکستان کو قابو نہ کرے، اس لئے آنے والے انتخابات میں ناگزیر ہے کہ عوام سیاسی جماعتوں کی پالیسیوں کو دیکھ کر ووٹ دیں۔
خبر کا کوڈ : 185235
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش