0
Monday 6 Aug 2012 15:39

اداروں کے کمزور ہونے سے ملکی سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی، سید وسیم اختر

اداروں کے کمزور ہونے سے ملکی سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پیپلز پارٹی کے سینیٹر فیصل رضا عابدی کی پریس کانفرنس کو سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو کھلم کھلا دھمکی کے مترادف قرار دیتے ہوئے اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل رضا عابدی نے توہین عدالت کی ہے سپریم کورٹ از خود نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کرے، ججوں اور آزاد عدلیہ پر حملہ ہوا تو جماعت اسلامی 18 کروڑ عوام کے ساتھ ملکر بھرپور مذمت کرے گی، توہین آمیز پریس کانفرنس سے پیپلز پارٹی کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آ چکا ہے، اداروں کو اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے محاذ آرائی کی سیاست کر رہی ہے، عدالتی فیصلوں کی تضحیک کو وطیرہ بنا لیا گیا ہے، پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، عوام کے دلوں میں سانحہ مشرقی پاکستان کا زخم آج بھی تازہ ہے، ملک توڑنے کی سازش ہو رہی ہے اور اس سازش میں اتحادی جماعتیں بھی برابر کی شریک ہیں، موجودہ حکمران پاکستان کی سالمیت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ان سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی کرپشن کو چھپانے کے لئے جیالوں کی قربانی دی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی اور کرپشن لازم ملزوم ہے، جو شخص جتنا بڑا چور ہے اسے اتنے ہی بڑے عہدہ دیا گیا ہے، صرف چار برس میں ملکی قرضے دگنا ہو گئے ہیں مگر مجال ہے کسی ایک شعبے میں بھی بہتری کے آثار نظر آ جائیں، حکومتی پالیسیوں کی بدولت کرپشن اور کرپٹ عناصر کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں، موجودہ حکمرانوں کے طرزعمل سے پاکستان عدم استحکام اور انتشار کا شکار ہو سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 185375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش