0
Monday 13 Aug 2012 21:46

کتاب جہاد قرآن کو چھوڑنے کی وجہ سے مسلمان دنیا میں ذلت کا شکار ہیں، قاضی حسین احمد

کتاب جہاد قرآن کو چھوڑنے کی وجہ سے مسلمان دنیا میں ذلت کا شکار ہیں، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ اور سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ قرآن مجید سے دوری امت کے مسائل کی اصل وجہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں جشن نزول قرآن کانفرنس سے خطاب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ قرآن مجید وہ آفاقی کتاب ہے، جس نے ہر دور کے انسانوں کے قلوب کو روشنی سے منور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پستیوں کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم نے تعلیمات قرآنی کو نظر انداز کردیا ہے۔ 

ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے کہا کہ رمضان وہ مبارک مہینہ ہے کہ جس میں قرآن نازل ہوا۔ قرآن کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کتاب جہاد ہے۔ جب مسلمان جہاد کو چھوڑنے کی وجہ سے دنیا میں ذلت کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، حکومت بنانا کوئی مشکل کام نہیں، معاشرے کی اقدار کو پامال ہونے سے بچایا جائے۔ ارشاد خداوندی ہے کہ ”تم میں سے ایک ایسا گروہ ہونا چاہیے جو لوگوں کو نیکی کی دعوت دے اور برائی سے روکے یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں“۔ 

نزول قرآن کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ امین شہیدی نے کہا کہ قرآن مجید دستور حیات ہے، جو قلوب کے اطمینان کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی قرآن کی تعلیمات پر عمل کر کے زندگیوں میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، ہماری پستی کی وجہ قرآن سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مردوں کے لئے نہیں بلکہ زندہ لوگوں کے لئے ہے۔ اگر مسلمان قوم قرآنی احکامات پر عمل کرے تو دنیا میں سب سے اعلیٰ و ارفع منازل طے کر سکتی ہے۔ 

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن وہ کتا ب ہے کہ جس پر کسی بھی مسلک کو اختلاف نہیں، اس پر سب متحد ہیں۔ قرآن کے مفہوم کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا حقیت میں سیرت رسول (ص) اور ائمہ اطہار (ع) ہے۔ کیونکہ ہمارے نبی اکرم (ص) کی زندگی مجسم قرآن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چھوٹے چھوٹے مسائل پر تو سب اکٹھے ہو جاتے ہیں لیکن اسلام کے خلاف جو سازشیں ہو رہی ہیں، ان کے حوالے سے جدوجہد کرنی چاہیے تا کہ استعمار کو شکست دی جا سکے۔ 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ قرآن آئین زندگی ہے، جو تمام شعبہ زندگی میں رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وحدت ملت کا واحد حل اور راستہ ہے اور قرآن ہی کو نقطہ نظر بنا کر تمام اختلافات کو دور کیا جا سکتا ہے۔

منہاج القرآن کے ڈاریکٹر ریسرچ ڈاکٹر علی اکبر الازھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی پُرنور گھڑیوں میں اس مبارک محفل کا انعقاد دلوں میں مسرت اور پاکیزگی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن ایک ایسی جلیل القدر کتاب ہے کہ جس میں کسی قسم کا شک و شبہ نہیں اور اس کے حقائق اور تعلیمات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت انسان اپنے علم کی وسعتیں عبور کر رہا ہے اور تسخیر کرنے کا دعوی کر رہا ہے، لیکن جب ان کو ٹرائل کرنے کا مرحلہ آتا ہے تو اس وقت ان کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ جب کہ قرآن ایک ایسی کتاب ہے کہ جو تاقیامت ہمارے لئے مشعل آئین ہے۔ آج قرآن کی وارث امت مسلمہ بے وارث دیکھائی دیتی ہے، ہر طرف مسلمان مارے جا رہے ہیں اور ان پر ظلم ہو رہا ہے تو اس میں قصور قرآن کا نہیں ہے بلکہ ان علما کا ہے، جہنوں نے امت مسلمہ کو مختلف حصوں میں بانٹ دیا ہے۔ کفار اس وقت امت واحد ہو گئے ہیں، جن کی تازہ مثال امریکہ، اسرائیل اور انڈیا ہے جو متحد ہو کر مسلمانوں کو چن چن کر مارہے ہیں اور ادھر ہم ہیں کہ اثر تک نہیں ہوتا۔ آغا حیدر علی موسوی ،مولانا نعیم الحسن نقوی اور دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 187248
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش