0
Thursday 30 Aug 2012 01:30

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت پاکستان تیسری عالمی جنگ کا میدان بنا ہوا ہے، ڈاکٹر وسیم اختر

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت پاکستان تیسری عالمی جنگ کا میدان بنا ہوا ہے، ڈاکٹر وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت پاکستان تیسری عالمی جنگ کا میدان بنا ہوا ہے، ذرا سی چنگاری جنوبی ایشیاء اور بالخصوص وطن عزیز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے، این آر او، جعلی ڈگری اور دوہری شہریت رکھنے والے حکمران عوام الناس کے حقیقی نمائندے نہیں، ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، انتخابات کے آتے ہی مسلم لیگ (ن) کو اپوزیشن کرنے کی یاد آگئی ہے، دونوں پارٹیاں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ عوام ان چلے کارتوسوں سے ہوشیار رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں حکومتی کارکردگی کے حوالے سے مایوسی بڑھ رہی ہے، ایک طرف ملک میں بے تحاشا مہنگائی اور بدترین لوڈشیڈنگ کا دور دورہ ہے تو دوسری طرف اللوں تللوں پر قومی خزانے کو بے دریغ لٹایا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا غریب ترین ملک ہونے کا نقشہ پیش کر رہا ہے، ووٹ کی پرچی کا صحیح استعمال کرنے سے ہی ظالم حکمرانوں سے نجات مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ملک کو امریکہ کا با جگزار بنا کر رکھ دیا ہے، قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کرنے والا مشرف آزاد دندناتا پھر رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد لاپتہ ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں، قومی غیرت و حمیت کو پس پشت ڈال کر نیٹو سپلائی کو بحال کرنا سلالہ پوسٹ کے شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے، نام نہاد دہشت گردی کی جنگ میں شریک ہوکر اپنے ہی لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے امریکی خوشنودی کے لئے ملکی سلامتی خطرے میں ڈال دی ہے، قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن سے اجتناب کیا جائے، برما، آسام، کشمیر، افغانستان اور عراق میں لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ آئے روز نئے اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں، کرپشن کی انتہاء ہوچکی ہے، سابق اور موجودہ دونوں وزرائے اعظم غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث ہیں، ادارے تباہ ہوچکے ہیں، ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل مل کے خسارے اربوں روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 191149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش