0
Sunday 2 Sep 2012 01:02

کوئٹہ میں ہزارہ قبائل کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی دھرنا

کوئٹہ میں ہزارہ قبائل کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی دھرنا
اسلام ٹائمز۔ ہزار گنجی کوئٹہ میں بے گناہ افراد کے دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل عام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے زیر اہتمام آج ایک احتجاجی دھرنا لیاقت پارک کے سامنے دیا گیا۔ صبح شروع ہونے والا دھرنا شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ اس موقع پر دھرنے میں شریک افراد میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے دھرنے کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ اس دہشت گرد حملہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، حکومت نے دہشت گردوں کو بے گناہ ہزارہ مومنین اور ملت جعفریہ کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ جس کی وجہ سے آ ئے دن دہشت گرد ہزارہ مومنین کو قتل کرکے فرار ہو جاتے ہیں اور حکومت دہشت گردوں کے بارے مکمل معلومات ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کرتی۔
 
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بے گناہ ہزارہ قوم اور کوئٹہ میں آباد ملت تشیع کے افراد کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ان کو اپنے کاروبار کیلئے آتے جاتے جگہ جگہ بلاوجہ تنگ کرتی ہے، جس کی وجہ سے ملت تشیع یہ محسوس کرنے میں حق بجانب ہے کہ حکومت خود دہشت گردوں کی پشت پناہی میں ملوث ہے۔ دھرنے کے شرکاء نے انتظامیہ، صوبائی حکومت، آئی جی پولیس اور دہشت گردوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، اور روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کئے رکھا، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ہزارہ ٹراییب سردار سعادت علی ہزارہ نے کہا کہ صوبائی حکومت مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ جس کی وجہ ہزارہ قوم کو شدید تشویش لاحق ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کا بلند حوصلہ اور جواں مردی کے ساتھ مقابلہ جاری رکھیں گے۔ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہماری قوم میں اتنی ہمت ہے کہ اپنا دفاع خود کرے لیکن ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا نہیں چاہتے۔ انہوں نے ہزارہ قوم کے جوانوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ دھرنے سے علامہ جمعہ اسدی، علامہ کاظم اور محمد یونس بھی خطاب کیا۔ مقررین نے حکومت کو دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ آئے دن دہشت گرد ہزارہ قوم اور ملت جعفریہ کو نشانہ بناتے ہیں لیکن حکومت ان کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے حرکت میں نہیں آتی۔ مقررین نے دہشت گردوں کو اسلام دشمن شیطان پرستوں کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے حکومت سے ان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔ 

آخر میں شرکاء سردار سعادت علی ہزارہ و دیگر اکابرین کی اپیل پر دھرنا ختم کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں علمدار روڈ کی طرف روانہ ہوگئے۔ شرکاء نے جلوس کے دوران صوبائی حکومت، انتظامیہ اور دہشت گردوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے آئی جی پولیس کے دفتر کے سامنے بھی علامتی دھرنا دیا۔
خبر کا کوڈ : 191898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش