0
Wednesday 12 Sep 2012 11:55

سازش کے تحت ملت جعفریہ کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، علامہ عارف حسین واحدی

سازش کے تحت ملت جعفریہ کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، علامہ عارف حسین واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ ہمیشہ اتحاد اسلامی کیلئے کام کرنا اپنے لئے اعزاز سمجھا مگر ایک سازش کے تحت ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمارے صبرکا پیمانہ لبریز ہورہاہے، عنقریب اسلام آباد میں فیصلہ کن اور بھرپور احتجاج کرکے ان حکمرانوں سے اپنے حقوق لیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے عہدے سے فوراً مستعفی ہو جو عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتا اسے حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور پوری ملت کوئٹہ میں اس ظلم و ستم کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور سوگوار ہیں یہ شہادتیں اسلام کی سربلندی کا سبب ہیں، صدر اسلام سے آج تک یہی قربانیاں ہیں جن سے اسلام کا پرچم سربلند ہے۔ اتحاد اسلامی کیلئے کام کرنا ہم اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں چونکہ امت واحدہ کا تصور قرآن نے دیا ہے اور ہم قرآن پاک کے سچے پیرو کار ہیں مگر ہمارے مثبت کردار کو بعض منفی قوتوں نے ہماری کمزوری سمجھا، ہمارے لوگوں جن میں زائرین و مسافر بھی شامل ہیں کو بے دردی سے قتل کیا جارہاہے غریب اور مظلوم عوام دہشت گردی سے تنگ آچکے ہیں مگر ہم اعلان کررہے ہیں کہ باوقار طریقے سے آگے بڑھتے رہیں گے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا یہ منفی قوتیں ہمیں اپنے عظیم مقاصد سے روک نہیں سکتیں البتہ ہم اپنی مظلوم ملت کو پیغام دے رہے ہیں کہ آپ سربلند رہیں گے۔ دہشت گردوں اور شر پسند عناصر کا مقدر رسوائی اور ناکامی ہے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں، اپنے قومی پلیٹ فارم کو مضبوط رکھیں،ہم ان ناعاقبت اندیش حکمرانوں اور عدلیہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ عرصہ دراز سے ہمارے خلاف دہشت گردی ہورہی ہے ہم مسلسل قانون کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں آج تک ہمارے ایک قاتل کو بھی تختہ دار پر نہ لٹکایا گیا۔ کیا ریاستی ادارے ہماری ملت کے اس سوال کا جواب دے سکتے ہیں۔ کوئٹہ میں کوئی فرد اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھتا۔ یہاں کے نااہل وزیراعلیٰ جب لوگوں کو تحفظ نہیں دے سکتے تو اپنی نا اہلی اور ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے زور دے کر کہاکہ ہم نے ایک معمولی حکومتی اہلکار سے لے کر اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز حکمرانوں پر حجت تمام کردی ہے۔ ہماری ملت کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکاہے۔ ہم اس ملک کے محب وطن شہری ہیں اور مسلسل دہشت گردی سے اس ملک کی جڑیں کھوکھلی ہورہی ہیں وطن عزیز کو بچانے کیلئے اب ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ملت کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور اسلام آباد میں فیصلہ کن اور بھرپور احتجاج کرکے ان حکمرانوں کو بتائیں گے کہ ہم اپنے حقوق حاصل کرنا جانتے ہیں ہم عالمی حقوق انسانی کی تنظیموں اور پاکستان کے اندر موجود ایسے اداروں کو متوجہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوششیں اور سازشیں ہورہی ہیں اس کا فوری نوٹس اور ایکشن لیا جائے۔ صوبے کی تشویش ناک حالت نے نفسیاتی طور پر ایک ایسا ماحول پروان چڑھادیاہے جس کے پیش نظر کہا جاسکتاہے کہ حکومت بظاہر بڑے بڑے دعوے اور اقدامات کا عندیہ دیتی ہے مگر کشتی چپو چلانے کے باوجود رواں نہیں ہورہی اس کی وجہ یہ ہے کہ اعلان اور اقدامات کرنیوالے کشتی کا لنگر اٹھانا بھول جاتے ہیں۔ وفاقی، صوبائی حکومتوں اور امن و امان کے ذمہ دار ادارے آئین و قانون کی رٹ کی بحالی، حالات کے سدھارنے کے محض اعلانات کرتے ہیں مگر عملاً کچھ ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔
خبر کا کوڈ : 194700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش