0
Saturday 15 Sep 2012 00:39

مسلم ممالک گستاخ امریکہ سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات اور معاہدے ختم کریں، عبدالرحمن مکی

مسلم ممالک گستاخ امریکہ سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات اور معاہدے ختم کریں، عبدالرحمن مکی
اسلام ٹائمز۔  ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جماعة الدعوة اور حرمت رسول(ص)  کی جانب سے جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز کے باہر سینکڑوں افراد نے توہین آمیز فلم کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز،کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حرمت رسول(ص) پر جان بھی قربان ہے، امریکہ کی گستاخیوں پر ،اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل خاموش کیوں؟ گستاخ کی ایک سزا، سر تن سے جدا، جیسی تحریریں درج تھیں، مظاہرہ کے دوران شرکاء میں زبردست غم و غصہ اور جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا شرکاء کی طرف سے گستاخ رسول کی ایک سزا سر تن سے جدا، سبیلنا سبیلنا الجہاد الجہاد اور امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے زور دار نعرے لگائے جاتے رہے۔ اس موقع پر امریکہ و نیٹو فورسزکے خلاف زبردست نعرے بازی کی جاتی رہی۔

احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعة الدعوہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ صلیبی و یہودی مسلمانوں کے مقابلہ میں شکست سے بوکھلا کر قرآن پاک کی بے حرمتی اور شان رسالت (ص) میں گستاخیوں جیسی گھٹیا حرکتیں کر رہے ہیں ۔امریکہ کی سرپرستی میں ایسی گھٹیا حرکتیں اسلام کی اشاعت کو نہیں روک سکتیں، ثابت ہوگیا کہ دہشت گردی مسلمان نہیں بلکہ امریکہ کے پادری کر رہے ہیں جنہیں حکومت کی سرپرستی حاصل ہے پاکستان کے حکمران ایک مضبوط موقف پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں، امریکہ سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں ان کے سفیروں کو ملک بدر کیا جائے اور امریکہ سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کیے جائیں، مسلم حکمرانوں کو ان گستاخیوں پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

مسلم ممالک گستاخ امریکہ سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات اور معاہدے ختم کریں۔ امریکیوں کو مسلمان ملکوں سے نکالا جائے۔ وگرنہ مسلمانوں کے جذبات ابھریں گے اور پھر حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔  مسلم حکمرانوں کواپنے سفارتخانوں کو متحرک کرنا چاہیے اور عالمی سطح پر توہین انبیاء اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی سزا کا قانون پاس کروانے کی کوشش کرنی چاہیے۔  حکمرانوں کو امریکہ و یورپ کی غلامی کی عادت پڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی جانب سے پاس کردہ متفقہ قرارداد اور وزارت خارجہ کا محض مذمتی بیان کافی نہیں۔گستاخان رسول(ص) کو دندان شکن جواب دینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں جہاں اقلیتوں کو ہر قسم کی مکمل آزادی حاصل ہے یہاں کوئی عیسائی قرآن پاک کی بے حرمتی کرے تو امریکی صدر اوبامہ اور پورا یورپ چیخ اٹھتے ہیں۔ حکومتوں پر دباﺅ ڈال کر جلد فیصلے کروائے جاتے ہیں اور گستاخوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ صلیبیوں و یہودیوں کی گستاخیوں پر امریکہ کی ناراضگی کے ڈر سے مسلم حکمرانوں کی جانب سے وہ ردعمل ظاہر نہیں کیا جاتا جو انہیں کرنا چاہیے۔ہم اس مسئلہ کو ان شاءاللہ پورے ملک میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم (ص) کی شان رسالت (ص) میں گستاخی پر محض مذمتی قراردادیں کافی نہیں گستاخیاں روکنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 195444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش