0
Saturday 15 Sep 2012 16:36

حکومت امریکی سفیر کو ملک بدر اور امریکہ سے معافی کا مطالبہ کرے، پاسبان

حکومت امریکی سفیر کو ملک بدر اور امریکہ سے معافی کا مطالبہ کرے، پاسبان
اسلام ٹائمز۔ پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے اسلام مخالف توہین رسالت پر بننے والی فلم پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کے جب تک سر سلامت ہیں وہ غازی علم دین، غازی عبدالقیوم اور عامر چیمہ کے وارث بن کر اپنے نبی اور قرآن کی شان میں کوئی گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت امریکی سفیر کو ملک بدر اور امریکہ سے مکمل بائیکاٹ اور گستاخانہ فلم پر فی الفور پابندی لگائے۔ وہ پاسبان کراچی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر محمد کو ہم اپنی جان سے بھی زیادہ محبت کرتے ہیں، اسلام مخالف فلم کی ذمہ دار امریکی حکومت مردہ باد، محسن انسانیت محمد پر لاکھوں درود و سلام، امریکیوں تہذیب سیکھو، مذہبی شخصیات کا احترام کرو کے جملے درج تھے اس موقع پاسبان کراچی کے سینئر نائب صدر اکرم آگریا، نائب صدر عابد بلوچ، صدر پاسبان لیاری ٹاؤن موجود تھے۔ شیخ محمد شکیل نے کہا کہ مسلمان دشمن امریکی یہودی لابی نے پہلے قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے امت مسلمہ کی غیرت کو للکارا تھا اور اب اسرائیل کے ساتھ مل کر گستاخانہ فلم بنا کر نبی کی شان میں گستاخی کی ہے جس کے خلاف پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے کیونکہ اس گھناﺅنی حرکت میں امریکی و اسرائیلی حکومت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم و پاکستانی حکمران اور سیاستدان خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ہمارے حکمران اور جرنیل امریکی و اسرائیلی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں، عالمی دہشت گرد امریکہ و اسرائیل کبھی ہمارے نبی کی شان میں گستاخی کرتے ہیں تو کبھی ہماری مقدس کتاب قرآن پاک کی توہین کرتے ہیں دوسری طرف ہمارے حکمران امریکی و اسرائیلی فوجیوں اور سی آئی اے کے ایجنٹوں کو پاکستان میں دہشت گردی و ڈرون حملے کرنے کا کھلا لائسنس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان چاہے جتنا بھی کمزور ہوں، رسول کی شان میں گستاخی کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے۔ ایسے واقعات ایک سازش کے تحت کرائے جاتے ہیں تاکہ مسلمانوں سے ان کی غیرت ایمانی کو بھی چھین لیا جائے۔

رہنماؤں نے کہا کہامریکہ کے غلام حکمرانوں کو امریکہ کی جانب سے کی جانے والی گستاخانہ حرکتیں نظر کیوں نہیں آتیں؟ جب ہماری مقدس کتاب اور نبی کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے تو ان امریکی نمک خواروں کے منہ پر تالا کیوں لگ جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکہ سے تمام تر تعلقات کا بائیکاٹ کرکے امریکی سفیر کو ملک بدر اور امریکہ میں موجود پاکستانی سفیروں کو وطن واپس بلائے اور امریکی حکومت سے مطالبہ کرے کہ وہ اس گھناؤنی حرکت پر امت مسلمہ سے معافی مانگے اگر حکمرانوں نے خاموشی اختیار کئے رکھی تو پھر پاکستان کے غیور مسلمان ان کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے اور امریکہ کے قونصلیٹ کا گھیراؤ کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 195474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش